الليل
بصیرتِ قرآن
مولانا محمد آصف قاسمی
تعارف
تعارف : اس دنیا میں جو دار العمل ہے ہر انسان کی کوشش، جدوجہد اور عمل اسی طرح بہت مختلف ہے جس طرح دن اور رات، نر اور مادہ مختلف ہیں۔
ایک آدمی اللہ، اس کے رسول اور رسول کی لائی ہوئی تعلیمات پر ایمانلاکر فرماں برداری، تقویٰ ، پرہیز گاری، نیکی اور بھلائی کا راستہ اختیار کرتا ہے۔ دوسرا آدمی اللہ اور اس کے رسول کی نافرمانی کرتے ہوئے ہر سچی بات کو جھٹلاتا ہے، گناہوں بھری زندگی اور ظلم و ستم کا راستہ اختیار کرکے مال و دولت کمانے میں لگا رہتا ہے۔ اللہ کا قانون یہ ہے کہ آدمی جس راستے پر چلنا چاہتا ہے وہ اس کو اسی راستے کی آسانیاں دیتا چلا جاتا ہے۔ نیکی اور بھلائی کا راستہ منتخب کرنے والوں کو سیدھے سچے راستے کی توفیق اور آسانی عطا کردی جاتی ہے۔ اور وہ لوگ جو اللہ و رسول کے نافرمان، گناہوں بھری زندگی کا راستہ چن لیتے ہیں ان کو سخت راستوں کی آسانیاں دیدی جاتی ہیں۔ ان کو زندگی بھر نیکیوں پر چلنے والے ناگوار اور برے لگتے ہیں۔
اللہ تعالیٰ نے فرمایا کہ ان دونوں کا انجام یکساں اور ایک جیسا نہیں ہے۔ جہاں نیکی پر چلنے والوں کے لئے جنت کی راحتیں، اللہ کی رضا و خوشنودی اور آخرت کی کامیابی عطا کی جاتی ہیں وہیں گناہ آلود زندگی گزارنے والوں کے لئے ایک ایسی آگ تیار کی گئی ہے جس میں وہ ہمیشہ جھسلتے ہی رہیں گے۔ وہ مال و دولت جس کے پیچھے انسان زندگی بھر بھاگتا رہا ہے موت آنے کے بعد وہ اس کے کیا کام آئے گا ؟ اللہ تعالیٰ نے صاف صاف فرما دیا ہے کہ راستہ دکھانا ہمارا کام تھا۔ دونوں راستوں میں سے کسی ایک کا انتخاب یہ انسان کا اپنا کام ہے۔ اسی اختیار پر اللہ کے ہاں سارے فیصلے کئے جائیں گے۔ ان ہی باتوں کو اللہ تعالیٰ نے سورة الیل میں ارشاد فرمایا ہے جس کا خلاصہ یہ ہے۔
اللہ تعالیٰ نے فرمایا اس رات کی قسم جو ہر چیز کو اپنے اندر ڈھانپ لیتی اور چھپا لیتی ہے۔ اس دن کی قسم جو ہر چیز کو روشن کردیتا ہے۔ اس ذات کی قسم جس نے نر اور مادہ کو پیدا کیا ہے کہ تم سب لوگوں کو کوششیں اور جدوجہد بہت مختلف ہیں۔ جس نے اللہ کے راستے میں اپنا مال خرچ کیا۔ اللہ کی نافرمانیوں سے بچتا رہا اور ہر نیک اور بھلی بات کو اس نے سچ مانا اس کو ہم راستے کی سہولتیں (توفیق) عطا کرتے چلے جائیں گے لیکن جس نے کفر کیا، بےنیازی دکھائی اور ہر بھلی بات کو جھٹلایا اس کو بھی ہم تنگ راستے کی سہولتیں دیدیں گے یعنی اس کو نیکی اور بھلائی کی توفیق ہی نصیب نہ ہوگی اور وہ مال و دولت کمانے میں مگن رہے گا۔ اللہ تعالیٰ نے سوال فرمایا ہے جب اس کو موت آجائے گی تو آخر یہ مال و دولت اس کے کس کام آئے گا ؟
اللہ تعالیٰ نے فرمایا کہ راستہ دکھانا ہمارا کام تھا۔ ہم ہی دنیا اور آخرت کے مالک و مختار ہیں۔ اگر تم نے گناہوں بھری زندگی اور نافرمانی اختیار کی تو تمہارے لئے ایسی جہنم کی آگ تیار کردی گئی ہے جس میں تم ہمیشہ ہی جھلستے اور جلتے رہو گے اور یہ انسان کی سب سے بڑی بدقسمتی اور بدبختی ہوگی۔
فرمایا لیکن ان لوگوں کو اس جہنم سے دور رکھا جائے گا جو پرہیز گاری اختیار کرتے ہوئے اللہ کی رضا کے لئے اپنا مال و دولت خرچ کرتے ہیں۔ جو لوگ اپنے برتر و اعلیٰ پروردگار کی رضا و خوشنودی کے کام کرتے ہیں اور ان کے ذمے کسی کا احسان نہیں تھا کہ وہ اس کا بدلہ اتار رہے ہیں وہ اپنے دل کی خوشی سے یہ سب کچھ کر رہے ہیں۔ اللہ ان کو جنت کی ایسی راحتیں عطا فرمائے گا جس سے وہ خوش ہوجائیں گے۔