IntroSurah Introduction

بصیرتِ قرآن

Baseerat-e-Quran · 93. Ad-Dhuhaa · Ayah 1

  1. وَ الضُّحٰىۙ﴿1﴾

    1. وَالضُّحٰىقسم ہے دھوپ چڑھنے کی (آفتاب)
Translation · Baseerat-e-Quran
قسم ہے چڑھتے سورج کی روشنی کی
Tafseer · Baseerat-e-Quran

لغات القرآن۔ سجی۔ چھا گیا۔ ماقلی۔ نہ بیزار ہوا۔ سوف یعطی۔ بہت جلد عطا کرے گا۔ ترضی۔ تو خوش ہوجائے گا۔ اوی۔ ٹھکانا رہا۔ ضال۔ تلاش حق میں سرگرداں ۔ عائل ۔ مفلس و غریب۔ اغنی۔ مال دار کردیا۔ لا تقھر ۔ مت ڈانٹ۔ لا ینتھر۔ نہ جھڑک ۔ حدت ۔ بیان کر۔

تشریح : نبی کریم حضرت محمد ﷺ پر ابتداء میں پہلی وحی کے بعد تیس چالیس دن تک وحی کا سلسلہ بند رہا۔ پھر اس کے بعد لگاتار وحی کا سلسلہ شروع ہوگیا۔ وحی بند ہونے کے زمانہ میں ایک طرف تو آپ پریشان تھے۔ ادھر کفار مکہ کی طنز آمیز باتوں اور طعنوں سے آپ بہت غمگکین رہتے تھے۔ وہ کہتے کہ اے محمد ﷺ ! کیا تمہارا رب تم سے ناراض ہوگیا اور وحی کا سلسلہ بند ہوگیا ؟ ابو لہب کی بیوی ام جمیل نے تو یہاں تک کہہ دیا کہ معلوم ہوتا ہے تمہارے شیطان نے تمہیں چھوڑ دیا ہے (نعوذ باللہ) ۔ آپ کو تسلی دیتے ہوئے دن کی تیز روشنی اور چمک، رات کے اندھیرے اور تاریکی کی قسم کھا کر فرمایا کہ اے نبی ﷺ ! آپ کے رب نے نہ تو آپ کو چھوڑ اور نہ وہ آپ سے بیزار ہوا۔ یعنی جس طرح دن کی روشنی کے بعد رات کا اندھیرا چھا جاتا ہے اور پھر اسی اندھیری رات سے ایک نئی صبح طلوع ہوتی ہے اسی طرح کچھ وت کے لئے وحی کا سلسلہ بند ہوجانے سے یہ کیوں سمجھ لیا گیا کہ اب کبھی روشنی نہ ہوگی۔ بلکہ وہ صبح ضرور ہوگی اور اس کی روشنی ہر طرف پھیل کر رہے گی۔ یہ تو اللہ کی مصلھت ہے کہ اس نے وحی کے سلسلہ کو وقتی طور پر روک لیا تاکہ اے نبی ﷺ آپ کے اندر وحی کے انوارات کو قبول کرنے کی مزید صلاحیت اور سہولت پیدا ہوجائے اور آپ آسانی سے وحی کے بوجھ کو برداشت کرسکیں۔

اللہ تعالیٰ نے فرمایا کہ آپ کے لئے ہر آنے والا دور سے اور موجودہ دنیا کے مقابلے میں آخرت زیادہ بہتر ہوگی۔ یہ مشکلات کے بادل بہت جلد چھٹ جائیں گے۔ پھر اس کے بعد آپ پر اللہ تعالیٰ کی عطا اور بخش اتنی زیادہ ہوگی کہ آپ اس سے خوش ہوجائیں گے۔ مزید تسلی دیتے ہوئے تین نعمتوں کا ذکر کرتے ہوئے فرمایا کہ اے نبی ﷺ ! آپ یتیم تھے کیا اسی اللہ نے آپ کو سہارا نہیں دیا ؟ آپ تلاش حق کی جستجو میں تھے کیا اسی نے آپ کی رہنمائی نہیں کی ؟ آپ نادار تھے کیا اسی نے آپ کو مال و دولت سے بےنیاز نہیں بنایا ؟ یہ ساری نعمتیں اسی کی دی ہوئی ہیں۔ ان نعمتوں پر شکر کا طریقہ یہ ہے کہ آپ بےماں باپ کے بچوں پر شفقت کیجئے سختی نہ کیجئے۔ اگر کوئی سوال کرنے والا ہو تو اس کو جھڑکنے کے بجائے نرمی اختیار کیجئے۔ اور آپ کے پروردگار نے آپ کو جن نعمتوں سے نوازا ہے اس کا ذکر اور شکر کرتے رہیے۔