الضحى
بصیرتِ قرآن
مولانا محمد آصف قاسمی
تعارف
تعارف : نبی کریم خاتم الانبیاء احمد مجتبیٰ حضرت محمد مصطفیٰ (صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم) پر ابتداء میں تیس چالیس دن تک وحی کا سلسلہ بند رہا پھر اس کے بعد لگاتار وحی کا سلسلہ شروع ہوگیا۔ وحی بند ہونے کے بعد ایک طرف تو آپ پریشان تھے ادھر کفار مکہ کی طعن آمیز باتوں سے آپ بہت غمگین اور رنجیدہ تھے۔ وہ کہتے اے محمد (صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم) ! کیا تمہارا رب تم سے ناراض ہوگیا اور وحی کا سلسلہ بند ہوگیا۔ ابو لہب کی بیوی ام جمیل نے تو یہاں تک کہہ دیا ” معلوم ہوتا ہے کہ تمہارے شیطان نے تمہیں چھوڑ دیا ہے “ نعوذ باللہ۔
اللہ تعالیٰ نے آپ کو تسلی دیتے ہوئے دن کی تیز روشنی اور چمک، رات کے اندھیرے اور تاریکی کی قسم کھا کر فرمایا اے میرے حبیب (صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم) ! آپ کے رب نے آپ کو نہ چھوڑا ہے اور نہ وہ آپ سے بیزار ہوا۔ یعنی جس طرح دن کی روشنی کے بعد رات کا اندھیرا ہر طرف چھا جاتا ہے تو پھر اسی اندھیری رات سے ایک نئی صبح طلوع ہوتی ہے۔ اسی طرح اگر کچھ وقت کے لئے وحی کا سلسلہ بند ہوگیا تو اس سے یہ کیوں سمجھ لیا گیا کہ اب کبھی وحی نہ آئے گی۔ وقتی اندھیرے سے یہ کیوں سمجھ لیا گیا کہ اب کبھی روشنی نہ ہوگی بلکہ وہ صبح ضرور ہوگی اور اس کی روشنی ہر طرف پھیل کر رہے گی۔ یہ تو اللہ کی مصلھت ہے کہ اس نے وحی کے سلسلہ کو وقتی طور پر روک لیا ہے تاکہ آپ کے اندر وحی الٰہی کے انوارات کو قبول کرنے کی مزید صلاحیت اور سہولت پیدا ہوجائے اور آپ آسانی سے وحی کے بوجھ کو برداشت کرسکیں۔
اللہ تعالیٰ نے فرمایا کہ آپ کے لئے ہر آنے والا دور پہلے دور سے اور موجود دنیا کے مقابلے میں آخرت زیادہ بہتر ہوگی۔ یہ مشکلات کے بادل بہت جلد چھٹ جائیں گے۔ پھر اس کے بعد آپ پر اللہ تعالیٰ کی عطا اور بخشش اتنی زیادہ ہوگی کہ آپ اس سے خوش ہوجائیں گے۔ مزید تسلی دیتے ہوئے خاص طور پر تین نعمتوں کا ذکر فرمایا کہ اے نبی (صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم) ! آپ یتیم تھے کیا اسی اللہ نے آپ کو سہار انہیں دیا تھا ؟ آپ حق کی تلاش اور جستجو میں تھے کیا اسی نے آپ کو راہ ہدایت نہیں دکھائی ؟ آپ نادار تھے کیا اسی نے مال و دولت سے آپ کو بےنیاز نہیں کردیا تھا ؟ یہ ساری نعمتیں اسی کی دی ہوئی ہیں۔ ان نعمتوں پر اللہ کا شکر ادا کرنے کے بہترین طریقہ یہ ہے کہ آپ بےماں باپ کے بچوں پر شفقت کیجئے کسی طرح کی سختی نہ کیجئے۔ اگر کوئی سوال کرنے والا ہو تو اس کو جھڑکنے کے بجائے نرمی اختیار کیجئے۔ اور آپ کے پروردگا رنے آپ کو جن نعمتوں سے نوازا ہے اس کا ذکر اور شکر ادا کرتے رہیے۔