تفسیر درِ منثور
Dure-Mansoor · 83. Al-Mutaffifin · Ayah 1
Tafseerوَیْلٌ لِّلْمُطَفِّفِیْنَۙ﴿1﴾
- وَيْلٌخرابی ہے
- لِّلْمُطَفِّفِيْنَکمی کرنے والوں کیلئے
Translation · Dure-Mansoor
بڑی خرابی ہے ناپ تول میں کمی کرنے والوں کے لیے
Tafseer · Dure-Mansoor
1۔ ابن مردویہ والبیہقی نے دلائل میں ابن عباس ؓ سے روایت کیا کہ سب سے پہلے مدینہ میں ویل للمطففین نازل ہوئی۔
ناپ تول میں کمی سخت گناہ ہے
2۔ النسائی وابن ماجہ وابن جریر والطبرانی وابن مردویہ والبیہقی فی شعب الایمان صحیح سند کے ساتھ ابن عباس ؓ سے روایت کیا کہ جب نبی اکرم ﷺ مدینہ منورہ تشریف لائے تو وہاں کے لوگ ناپ تول کے لحاظ سے سب سے خبیث ترین لوگ تھے پھر اللہ تعالیٰ آیت ویل للمطففین نازل فرمائی تو اس کے بعد انہوں نے اپنے پیمانوں کو درست کرلیا۔
3۔ ابن سعد والبزار اور بیہقی نے دلائل میں ابوہریرہ ؓ سے روایت کیا کہ رسول اللہ ﷺ نے سباع بن عرفطہ کو مدینہ پر عامل مقرر فرمایا جب آپ خیبر کی تشریف لے گئے اور یہ آیت ویل للمطففین پڑھی تو میں نے کہا کہ فلاں ہلاک ہوگیا جس کا ایک صاع پیمانہ و ہے جس سے وہ دیتا ہے اور ایک صاع وہ ہے جس سے وہ لیتا ہے۔
4۔ الحاکم نے ابن عمر ؓ سے روایت کیا کہ انہوں نے آیت ویل للمطففین پڑھا اور رونے لگے اور فرمایا کہ وہ آدمی جو کسی آدمی کو یا ماپ کرنے والے کو اجرت پر لیتا ہے اور وہ جانتا ہے کہ وہی اپنے ناپنے میں کمی کرتا ہے تو اس کا گناہ اس پر ہوگا۔
5۔ ابن مردویہ نے ابن عباس ؓ سے روایت کیا کہ رسول اللہ ﷺ نے فرمایا جو قوم کسی عہد کو توڑتی ہے تو اللہ تعالیٰ ان پر ان کے دشمنوں کو مسلط کردیتے ہیں اور جو لوگ ناپ تول میں کمی کرتے ہیں تو ان سے زمین کی پیداوار اناج پھول وغیرہ کو روک لیا جائے گا اور ان کو قحط سالی میں پکڑ لیاجائے گا۔
6۔ سعید بن منصور وابن ابی شیبہ نے سلمان ؓ سے روایت کیا کہ بلاشبہ نماز ایک پیمانہ ہے جس نے نماز کو پورا کیا تو اس کو پورا پورا اجر دیا جائے گا اور جس نے ناپ تول میں کمی کی تو تم نے سن لیا ہے جو اللہ تعالیٰ نے ناپ تول میں کمی کرنے والوں کے لیے فرمایا۔
7۔ عبد بن حمید والبیہقی فی شعب الایمان میں وہب بن منبہ (رح) سے روایت کیا کہ تیرا چھوڑنا بدلہ دینے کو یعنی تیرا مدد اور نگرانی کو ترک کرنا تطفیف ہے۔ اللہ تعالیٰ نے فرمایا آیت ویل للمطففین بربادی ہے کمی کرنے والون کے لیے۔