تفسیر درِ منثور
Dure-Mansoor · 89. Al-Fajr · Ayah 1
Tafseerوَ الْفَجْرِۙ﴿1﴾
- وَالْفَجْرِقسم فجر کی
Translation · Dure-Mansoor
قسم ہے فجر کی
Tafseer · Dure-Mansoor
1۔ ابن الضریس والنحاس فی ناسخہ وابن مردویہ والبیہقی نے کئی طرق سے ابن عباس ؓ سے روایت کیا کہ سورة الفجر مکہ میں نازل ہوئی۔
2۔ ابن مردویہ نے عبداللہ بن زبیر ؓ سے روایت کیا کہ والفجر مکہ میں نازل ہوئی۔
3۔ ابن مردویہ نے عائشہ ؓ سے روایت کیا کہ سورة والفجر مکہ میں نازل ہوئی۔
4۔ النسائی نے جابر ؓ سے روایت کیا کہ رسول اللہ ﷺ نے فرمایا اے معاذ ! تو نے لوگوں کو فتنے میں ڈال دیا۔ تم سبح اسم ربک الاعلی واللیل اذا یغشی والفجر والشمس وضحہا سے کہاں تھے۔ یعنی نماز میں یہ سورتیں پڑھا کرو۔
5۔ ابن جریر وابن ابی حاتم نے عبداللہ بن زبیر ؓ سے روایت کیا کہ والفجر یہ قسم ہے کہ اللہ تعالیٰ نے اس کے ذریعہ قسم کھائی ہے۔
انسان کے لیے غیر اللہ کی قسم جائز نہیں
6۔ ابن ابی شیبہ نے میمون بن مہران (رح) سے روایت کیا کہ بیشک اللہ تعالیٰ اپنی مخلوق میں سے جس کی چاہتے ہیں قسم کھاتے ہیں مگر کسی اور کے لیے یہ جائز نہیں کہ وہ اللہ کے علاوہ کسی اور کی قسم کھائے۔
7۔ فریابی وابن جریر وابن ابی حاتم والحاکم وصححہ اور بیہقی نے شعب الایمان میں ابن عباس ؓ سے روایت کیا کہ والفجر سے مراد ہے دن کا پھوٹنا۔
ابن جریر وابن ابی حاتم نے عکرمہ (رح) سے روایت کیا کہ والفجر سے مراد ہے صبح۔
9۔ عبد بن حمید نے عکرمہ (رح) سے روایت کیا کہ والفجر سے مراد ہے فجر کا طلوع ہونا جمعہ کے دن۔
10۔ ابن ابی حاتم نے مجاہد (رح) سے روایت کیا کہ والفجر سے مراد ہے قربانی کے دن کی فجر۔ اور ہر فجر مراد نہیں ہے۔
11۔ ابن ابی حاتم نے محمد بن کعب قرظی (رح) سے اسی طرح روایت کیا۔
12۔ ابن جریر نے ابن عباس ؓ سے روایت کیا کہ والفجر سے مراد ہے فجر کی نماز۔
13۔ سعید بن منصور والبیہقی فی الشعب وابن عساکر نے ابن عباس ؓ سے روایت کیا کہ والفجر سے مراد ہے ماہ محرم میں سال کی پہلی فجر۔
14۔ ابن ابی شیبہ ومسلم وابوداوٗ والترمذی والنسائی وابن ماجہ والبیہقی نے ابوہریرہ ؓ سے روایت کیا کہ رسول اللہ ﷺ نے فرمایا رمضان کے روزوں کے بعد افضل ترین روزے ماہ محرم کے ہیں۔ اور فرض نماز کے بعد افضل نماز رات کی نماز ہے۔
15۔ ابن ابی شیبہ والبیہقی نے نعمان (رح) سے روایت کیا کہ حضرت علی ؓ سے کے پاس ایک آدمی آیا اور کہا اے امیر المومنین مجھے ایسے مہینے کے بارے میں بتائیے کہ میں رمضان کے بعد اس میں روزے رکھوں علی ؓ نے فرمایا تو نے ایسی چیز کے بارے میں سوال کیا کہ میں کسی کو اس کے بارے میں سوال کرتے ہوئے نہیں سنا۔ اس آدمی کے بعد کہ جس نے رسول اللہ ﷺ سے اس بارے میں سوال کیا تھا آپ نے فرمایا اگر تو کسی مہینہ میں رمضان کے بعد روزے رکھنا چاہے تو محرم کے روزے رکھ کیونکہ وہ اللہ کا مہینہ ہے۔ اور اس میں وہ دن ہے کہ اس میں ایک قوم کی توبہ قبول ہوئی اور اس میں دوسری کی توبہ بھی قبول فرمائے گا۔
16۔ ابن ابی شیبہ والبخاری ومسلم والبیہقی نے ابن عباس ؓ سے روایت کیا کہ نبی اکرم ﷺ مدینہ منورہ تشریف لائے اور یہودی عاشوراء کے دن کا روزہ رکھتے تھے۔ آپ نے پوچھا یہ کیا دن ہے جس میں تم روزہ رکھتے ہو انہوں نے کہا یہ بڑا دن ہے جس میں اللہ تعالیٰ نے موسیٰ (علیہ السلام) کو نجات دی اور اس میں فرعون والوں کو غرق کردیا۔ تو موسیٰ (علیہ السلام) نے اللہ تعالیٰ کا شکر ادا کرتے ہوئے روزہ رکھا اس پر رسول اللہ صلی اللہ علیہ نے فرمایا ہم تمہاری نسبت حضرت موسیٰ (علیہ السلام) کا زیادہ حق رکھتے ہیں اور رسول اللہ ﷺ نے روزہ رکھا اور اس دن کے روزے کا حکم بھی فرمایا۔