IntroSurah Introduction

فہم القرآن

Fahm-ul-Quran · 2. Al-Baqara · Ayah 76

  1. وَ اِذَا لَقُوا الَّذِیْنَ اٰمَنُوْا قَالُوْۤا اٰمَنَّا١ۖۚ وَ اِذَا خَلَا بَعْضُهُمْ اِلٰى بَعْضٍ قَالُوْۤا اَتُحَدِّثُوْنَهُمْ بِمَا فَتَحَ اللّٰهُ عَلَیْكُمْ لِیُحَآجُّوْكُمْ بِهٖ عِنْدَ رَبِّكُمْ١ؕ اَفَلَا تَعْقِلُوْنَ﴿76﴾

    1. وَاِذَا لَقُوااور جب وہ ملتے ہیں
    2. الَّذِیْنَ اٰمَنُوْاجو لوگ ایمان لائے
    3. قَالُوْاوہ کہتے ہیں
    4. آمَنَّاہم ایمان لائے
    5. وَاِذَااور جب
    6. خَلَااکیلے ہوتے ہیں
    7. بَعْضُهُمْان کے بعض
    8. اِلٰى۔ بَعْضٍپاس۔ بعض
    9. قَالُوْاکہتے ہیں
    10. اَتُحَدِّثُوْنَهُمْکیا بتلاتے ہوا نہیں
    11. بِمَا فَتَحَ اللّٰهُجو اللہ نے ظاہر کیا
    12. عَلَيْكُمْتم پر
    13. لِيُحَاجُّوْكُمْتاکہ وہ حجت تم پر لائیں
    14. بِهٖاس کے ذریعہ
    15. عِنْدَسامنے
    16. رَبِّكُمْتمہارا رب
    17. اَفَلَا تَعْقِلُوْنَتو کیا تم نہیں سمجھتے
Translation · Fahm-ul-Quran
اور جب وہ ایمان والوں سے ملتے ہیں تو کہتے ہیں کہ ہم بھی ایمان دار ہیں اور جب آپس میں ملتے ہیں تو کہتے ہیں مسلمانوں کے سامنے وہ کچھ کیوں بیان کرتے ہو جو اللہ تعالیٰ نے تمہارے لیے ظاہر کردیا ہے کہ وہ اسے اللہ کے ہاں تمہارے خلاف پیش کردیں ؟ تمہیں عقل نہیں
Tafseer · Fahm-ul-Quran

فہم القرآن

ربط کلام : جس طرح یہودی بہانہ ساز اور متلوّن مزاج ہیں، منافقوں کی بھی یہی عادات ہیں۔

منافقوں کی عادات کا ذکر کرتے ہوئے آیت 13 میں یہ بتلایا گیا تھا کہ یہ لوگ ایمان والوں کو ملتے ہیں تو ان کی ہاں میں ہاں ملاتے ہوئے ایمان کے دعویدار بنتے ہیں اور جب اپنے مذہبی پیشواؤں اور لیڈروں کے پاس جاتے ہیں تو انہیں یقین دہانیاں کرواتے ہیں کہ ہم تمہارے ہی ساتھی ہیں۔ یہاں اہل کتاب کے اندرون خانہ کا انکشاف کرتے ہوئے بتلایا جارہا ہے کہ ان کے مذہبی رہنما ان سے کہتے ہیں کہ تورات و انجیل میں بیان ہونے والے حقائق جن میں نبی آخر الزماں ﷺ اور قرآن مجید کی تصدیق پائی جاتی ہے۔ ان کا مسلمانوں کے سامنے ذکر کرنا دانشمندی کے خلاف ہے۔ پھر یہ کہہ کر انہیں خوفزدہ کرتے ہیں کہ اس طرح دنیا میں مسلمانوں کے سامنے لا جواب اور آخرت میں تمہارے رب کے ہاں مسلمان تمہارے خلاف گواہی دیں گے۔ اپنی بات کو مؤثر بنانے کے لیے ان کے خطبا اور پیشوا بڑے معصوم بن کر اپنے تقو ٰی کی دھاک بٹھاتے ہوئے فکر آخرت کا تصوردے کر لوگوں کو حقائق کے انکشاف سے روکتے تھے۔ کیا وہ سمجھتے ہیں کہ اگر یہ لوگ ان حقائق کا انکشاف نہ کریں تو اللہ تعالیٰ سے یہ حقیقت چھپی رہ جائے گی ؟ حالانکہ اللہ تعالیٰ نے ہی تورات ‘ انجیل نازل فرمائی ہیں۔ حالانکہ اللہ تعالیٰ دلوں کے بھید، لوگوں کی اعلانیہ اور پوشیدہ حرکات و افعال کو جانتا ہے۔ انہیں معلوم نہیں کہ اللہ تعالیٰ سب کچھ جانتا ہے جو وہ چھپاتے اور جو کچھ ظاہر کرتے ہیں۔ آخرت میں ان کے ظاہر اور باطن کو طشت ازبام کردیا جائے گا۔

مسائل

1۔ اللہ تعالیٰ انسان کے باطن اور ظاہر سے واقف ہے۔ یہ عقیدہ انسان کو گناہوں سے بچاتا ہے۔