فہم القرآن
Fahm-ul-Quran · 73. Al-Muzzammil · Ayah 20
اِنَّ رَبَّكَ یَعْلَمُ اَنَّكَ تَقُوْمُ اَدْنٰى مِنْ ثُلُثَیِ الَّیْلِ وَ نِصْفَهٗ وَ ثُلُثَهٗ وَ طَآئِفَةٌ مِّنَ الَّذِیْنَ مَعَكَ١ؕ وَ اللّٰهُ یُقَدِّرُ الَّیْلَ وَ النَّهَارَ١ؕ عَلِمَ اَنْ لَّنْ تُحْصُوْهُ فَتَابَ عَلَیْكُمْ فَاقْرَءُوْا مَا تَیَسَّرَ مِنَ الْقُرْاٰنِ١ؕ عَلِمَ اَنْ سَیَكُوْنُ مِنْكُمْ مَّرْضٰى١ۙ وَ اٰخَرُوْنَ یَضْرِبُوْنَ فِی الْاَرْضِ یَبْتَغُوْنَ مِنْ فَضْلِ اللّٰهِ١ۙ وَ اٰخَرُوْنَ یُقَاتِلُوْنَ فِیْ سَبِیْلِ اللّٰهِ١ۖ٘ فَاقْرَءُوْا مَا تَیَسَّرَ مِنْهُ١ۙ وَ اَقِیْمُوا الصَّلٰوةَ وَ اٰتُوا الزَّكٰوةَ وَ اَقْرِضُوا اللّٰهَ قَرْضًا حَسَنًا١ؕ وَ مَا تُقَدِّمُوْا لِاَنْفُسِكُمْ مِّنْ خَیْرٍ تَجِدُوْهُ عِنْدَ اللّٰهِ هُوَ خَیْرًا وَّ اَعْظَمَ اَجْرًا١ؕ وَ اسْتَغْفِرُوا اللّٰهَ١ؕ اِنَّ اللّٰهَ غَفُوْرٌ رَّحِیْمٌ۠ع﴿20﴾
- اِنَّ رَبَّكَبیشک آپ کا رب
- يَعْلَمُوہ جانتا ہے
- اَنَّكَکہ آپ
- تَقُوْمُقیام کرتے ہیں
- اَدْنٰىقریب ہے
- مِنْ ثُلُثَيِ الَّيْلِدوتہائی رات کے
- وَنِصْفَهٗاور آدھی رات کے
- وَثُلُثَهٗاور اس کا تہائی
- وَطَآئِفَةٌاور ایک جماعت
- مِّنَسے
- الَّذِيْنَ مَعَكَ ۭجو آپ کے ساتھ
- وَاللّٰهُاور اللہ
- يُقَدِّرُاندازہ فرماتا ہے
- الَّيْلَ وَالنَّهَارَ ۭرات اور دن
- عَلِمَاس نے جانا
- اَنْکہ
- لَّنْ تُحْصُوْهُتم ہرگز نباہ نہ کرسکوگے
- فَتَابَتو اس نے عنایت کی
- عَلَيْكُمْتم پر
- فَاقْرَءُوْاتو تم پڑھا کرو
- مَاجس قدر
- تَيَسَّرَآسانی ہوسکے
- مِنَ الْقُرْاٰنِ ۭقرآن سے
- عَلِمَاس نے جانا
- اَنْ سَيَكُوْنُکہ البتہ ہوں گے
- مِنْكُمْتم میں سے
- مَّرْضٰى ۙکوئی بیمار
- وَاٰخَرُوْنَاور کوئی اور
- يَضْرِبُوْنَوہ سفر کریں گے
- فِي الْاَرْضِزمین میں
- يَبْتَغُوْنَتلاش کرتے ہوئے
- مِنْ فَضْلِ اللّٰهِ ۙاللہ کا فضل (روزی)
- وَاٰخَرُوْنَاور کئی دوسرے
- يُقَاتِلُوْنَوہ جہاد کریں گے
- فِيْ سَبِيْلِ اللّٰهِ ڮاللہ کی راہ میں
- فَاقْرَءُوْاپس پڑھ لیا کرو
- مَاجس قدر
- تَيَسَّرَآسانی ہوسکے
- مِنْهُ ۙاس سے
- وَاَقِيْمُوااور تم قائم کرو
- الصَّلٰوةَنماز
- وَاٰتُوااور ادا کرتے رہو
- الزَّكٰوةَزکوۃ
- وَاَقْرِضُوا اللّٰهَاور اللہ کو قرض دو
- قَرْضًا حَسَنًا ۭقرض حسنہ (اخلاص سے)
- وَمَااور جو
- تُقَدِّمُوْاتم آگے بھیجو گے
- لِاَنْفُسِكُمْاپنے لئے
- مِّنْ خَيْرٍکوئی نیکی
- تَجِدُوْهُتم پاؤگے
- عِنْدَ اللّٰهِاللہ کے ہاں
- هُوَ خَيْرًاوہ بہتر
- وَّاَعْظَمَ اَجْرًا ۭاور بڑا اجر میں
- وَاسْتَغْفِرُوااور تم بخشش مانگوگے
- اللّٰهَ ۭاللہ سے
- اِنَّ اللّٰهَبیشک اللہ
- غَفُوْرٌبخشنے والا
- رَّحِيْمٌنہایت رحم کرنیوالا
فہم القرآن
ربط کلام : لوگوں کو واضح الفاظ میں نصیحت کرنے کے بعد ایک دفعہ پھر نبی ﷺ کو تہجد اور اسلام کے بنیادی ارکان کی طرف توجہ دلائی گئی ہے۔
اس سورت کی ابتدائی چار آیات میں نبی ﷺ کو تہجد پڑھنے کا حکم دیا گیا، حکم ہوا کہ آپ آدھی رات یا رات کا تہائی حصہ اپنے رب کے حضور قیام کریں اور اس میں قرآن مجید کو ٹھہر ٹھہر کر پڑھا کریں۔ اب حکم ہوا کہ آپ کا رب جانتا ہے کہ آپ اور آپ کے ساتھی کبھی دوتہائی رات، کبھی آدھی رات اور کبھی ایک تہائی رات قیام کرتے ہیں اسے معلوم ہے کہ تم اتنا طویل قیام مسلسل نہیں کرسکوگے اس لیے اس نے تم پر اپنی مہربانی فرمائی ہے لہٰذا تم رات کے قیام میں اپنی آسانی کے مطابق قرآن پڑھ لیا کرو۔ اسے معلوم ہے کہ تم میں بعض لوگ بیمار ہوجاتے ہیں، کچھ اللہ کا فضل تلاش کرنے کے لیے دن کے وقت کام کاج کرنے کے لیے زمین میں ادھر ادھر پھرتے ہیں اور کچھ اس کی راہ میں قتال کرتے ہیں۔ اس لیے تمہارے لیے آسانی کی جاتی ہے اب رات کو اتنا ہی قرآن پڑھو جتنا تم اپنے لیے آسان سمجھو۔ اللہ تعالیٰ نے قرآن مجید کی تلاوت میں تخفیف کی اجازت دے کر تہجد کے طویل قیام کو مختصر کردیا ہے۔ تہجد کی نماز زیادہ سے زیادہ تیرہ رکعت ہے ان کی طوالت کا انحصار قرآن مجید کی تلاوت پر ہے۔ تہجد میں جتنا قرآن زیادہ پڑھا جائے گا اتنی رکعات طویل ہوں گی اگر قرآن تھوڑا پڑھا جائے گا تو رکعات کی طوالت تھوڑی ہوجائے گی۔ اس لیے اجازت دی گئی ہے کہ جتنا آسانی کے ساتھ قرآن پڑھ سکتے ہو اتنا ہی پڑھ لیا کرو۔ اس سے یہ بات ثابت ہوئی کہ حتی المقدور تہجد کا قیام لمبا کیا جائے تاکہ اس میں زیادہ سے زیادہ قرآن مجید کی تلاوت ہوسکے۔ دوسرا حکم فرض نماز کا دیا گیا ہے کہ اسے ہر حال میں قائم رکھو قائم رکھنے سے مراد اسے بر وقت پڑھنا اور اس کے تقاضے پورے کرنا ہے۔ تیسرا حکم زکوٰۃ کا دیا ہے جو اللہ تعالیٰ کو قرض دینے کے مترادف ہے زکوٰۃ ادا کرنے کے علاوہ یہاں عام صدقہ کرنے کا بھی اشارہ موجود ہے۔ نماز اور زکوٰۃ کا حکم دینے کے بعد ارشاد فرمایا ہے کہ جو کچھ تم اپنے لیے آگے بھیجو گے اسے اللہ تعالیٰ کے ہاں بہت بہتر اور بہت زیادہ پاؤ گے۔ نماز اور زکوٰۃ ادا کرنے کے ساتھ ساتھ اللہ کے حضور استغفار کرتے رہو اور یقین رکھو کہ اللہ تعالیٰ معاف کرنے والا اور نہایت مہربان ہے۔