تفسیر ابنِ کثیر

Tafseer Ibn-e-Kaseer · 6. Al-An'aam · Ayah 137

  1. وَ كَذٰلِكَ زَیَّنَ لِكَثِیْرٍ مِّنَ الْمُشْرِكِیْنَ قَتْلَ اَوْلَادِهِمْ شُرَكَآؤُهُمْ لِیُرْدُوْهُمْ وَ لِیَلْبِسُوْا عَلَیْهِمْ دِیْنَهُمْ١ؕ وَ لَوْ شَآءَ اللّٰهُ مَا فَعَلُوْهُ فَذَرْهُمْ وَ مَا یَفْتَرُوْنَ﴿137﴾

    1. وَكَذٰلِكَاور اسی طرح
    2. زَيَّنَآراستہ کردیا ہے
    3. لِكَثِيْرٍبہت کیلئے
    4. مِّنَسے
    5. الْمُشْرِكِيْنمشرک (جمع)
    6. قَتْلَقتل
    7. اَوْلَادِهِمْان کی اولاد
    8. شُرَكَآؤُهُمْان کے شریک
    9. لِيُرْدُوْهُمْتاکہ وہ انہیں ہلاک کردیں
    10. وَلِيَلْبِسُوْااور گڈ مڈ کردیں
    11. عَلَيْهِمْان پر
    12. دِيْنَهُمْان کا دین
    13. وَلَوْ شَآءَاور اگر چاہتا
    14. اللّٰهُاللہ
    15. مَا فَعَلُوْهُوہ نہ کرتے
    16. فَذَرْهُمْسو تم انہیں چھوڑ دو
    17. وَمَااور جو
    18. يَفْتَرُوْنَوہ جھوٹ باندھتے ہیں
Translation · Tafseer Ibn-e-Kaseer
اسی طرح بہت سے مشرکوں کو ان کے شریکوں نے ان کے بچوں کو جان سے مار ڈالنا اچھا کر دکھایا ہے تاکہ انہیں ہلاکت میں ڈال دیں اور ان کے دین کو ان پر خلط ملط کر دیں اور اگر خدا چاہتا تو وہ ایسا نہ کرتے تو ان کو چھوڑ دو کہ وہ جانیں اور ان کا جھوٹ
Tafseer · Tafseer Ibn-e-Kaseer
شیطان کے چیلے جیسے کہ شیطانوں نے انہیں راہ پر لگا دیا ہے کہ وہ اللہ کے لئے خیرات کریں تو اپنے بزرگوں کا نام کا بھی حصہ نکالیں اسی طرح انہیں شیطان نے اس راہ پر بھی لگا رکھا ہے کہ وہ اپنی اولادوں کو بےوجہ قتل کردیں۔ کوئی اس وجہ سے کہ ہم اسے کھلائیں گے کہاں سے ؟ کوئی اس وجہ سے کہ ان بیٹیوں کی بنا پر ہم کسی کے خسر بنیں گے وغیرہ۔ اس شیطانی حرکت کا نتیجہ ہلاکت اور دین کی الجھن ہے۔ یہاں تک کہ یہ بدترین طریقہ ان میں پھیل گیا تھا کہ لڑکی کے ہونے کی خبر ان کے چہرے سیاہ کردیتی تھی ان کے منہ سے یہ نکلتا نہ تھا کہ میرے ہاں لڑکی ہوئی، قرآن نے فرمایا کہ ان بےگناہ زندہ درگور کی ہوئی بچیوں سے قیامت کے دن سوال ہوگا کہ وہ کس گناہ پر قتل کردی گئیں پس یہ سب وسوسے شیطانی تھے لیکن یہ یاد رہے کہ رب کا ارادہ اور اختیار اس سے الگ نہ تھا اگر وہ چاہتا تو مشرک ایسا نہ کرسکتے۔ لیکن اس میں بھی اس کی حکمت ہے، اس سے کوئی باز پرس نہیں کرسکتا اور اس کی باز پرس سے کوئی بچ نہیں سکتا۔ پس اے نبی تو ان سے اور ان کی اس افترا پردازی سے علیحدگی اختیار کرلو اللہ خود ان سے نمٹ لے گا۔