تفسیرِ مظہری

Tafseer-e-Mazhari · 2. Al-Baqara · Ayah 66

  1. فَجَعَلْنٰهَا نَكَالًا لِّمَا بَیْنَ یَدَیْهَا وَ مَا خَلْفَهَا وَ مَوْعِظَةً لِّلْمُتَّقِیْنَ﴿66﴾

    1. فَجَعَلْنَاهَاپھر ہم نے اسے بنایا
    2. نَکَالًاعبرت
    3. لِمَا بَيْنَ يَدَيْهَاسامنے والوں کے لئے
    4. وَمَا خَلْفَهَااور پیچھے آنے والوں کے لئے
    5. وَمَوْعِظَةًاور نصیحت
    6. لِلْمُتَّقِیْنَپرہیزگاروں کے لیے
Translation · Tafseer-e-Mazhari
اور اس قصے کو اس وقت کے لوگوں کے لیے اور جو ان کے بعد آنے والے تھے عبرت اور پرہیز گاروں کے لیے نصیحت بنا دیا
Tafseer-e-Mazhari

فَجَعَلْنٰھَا نَکَالاً ( پس بنا دیا ہم نے اس واقعہ کو عبرت) نَکل کے اصل معنی منع یعنی روکنے کے ہیں چونکہ عبرت۔ صاحب عبرت کے لیے گناہوں اور ناشائستہ افعال سے روکنے والی ہوا کرتی ہے اس لیے اسے بھی نکال بولنے لگے اور اسی وجہ سے قید کو بھی نکل بولتے ہیں کہ وہ اسیر کو فرار سے مانع ہے۔

لِّمَا بَیْنَ یَدَیْھَا وَ مَا خَلْفَھَا ( موجودہ اور گذشتہ لوگوں کے لیے) اس کے یا تو یہ معنی ہیں جو ہم نے ( آیت کے ترجمہ میں) اختیار کئے ہیں اور اس صورت میں ما دونوں جگہ بمعنی من ہوگا اور یا یہ معنی کہ ہم نے اس واقعہ کو ان کی گذشتہ اور آئندہ حرکات اور معاصی کی وجہ سے عبرت بنا دیا۔ اس صورت میں ما اپنے معنی پر رہے گا اور لام تعلیل کا ہوگا اور بعض مفسرین نے کہا ہے کہ اس آیت کی عبارت میں تقدیم و تاخیر ہے اور تقدیر عبارت اس طرح ہے فَجَعَلْنَا ھَا وَ مَا خَلْفَھَا نَکَالًا لِّمَا بَیْنَ یَدَیْھَا اس صورت میں حاصل یہ ہوگا کہ ہم نے اس واقعہ کو اور جو اس کے بعد اس کی عقوبت قیامت میں مرتب ہوگی ان کے موجودہ گناہوں کی وجہ سے عبرت بنا دیا (اس میں سراسر تکلف ہے)

وَ مَوْعِظَۃ لِّلْمُتَّقِیْنَ ( اور پرہیزگاروں کیلئے نصیحت) متقین سے امت محمدیہ کے متقی مؤمن مراد ہیں۔