تفسیرِ مظہری
Tafseer-e-Mazhari · 25. Al-Furqaan · Ayah 12
Tafseerاِذَا رَاَتْهُمْ مِّنْ مَّكَانٍۭ بَعِیْدٍ سَمِعُوْا لَهَا تَغَیُّظًا وَّ زَفِیْرًا﴿12﴾
- اِذَاجب
- رَاَتْهُمْوہ دیکھے گی انہیں
- مِّنْسے
- مَّكَانٍجگہ
- بَعِيْدٍدور
- سَمِعُوْاوہ سنیں گے
- لَهَااسے
- تَغَيُّظًاجوش مارتا
- وَّزَفِيْرًااور چنگھاڑتا
Translation · Tafseer-e-Mazhari
جس وقت وہ ان کو دور سے دیکھے گی (تو غضبناک ہو رہی ہوگی اور یہ) اس کے جوش (غضب) اور چیخنے چلانے کو سنیں گے
Tafseer-e-Mazhari
اذا راتہم من مکان بعید جب وہ آگ ان کو دور کے مقام سے دیکھے گی۔
بعض اہل تحقیق نے لکھا ہے کہ آگ کی طرف دیکھنے کی نسبت حقیقی ہے۔ (واقع میں آگ دیکھے گی) بغوی نے لکھا ہے ‘ ایک روایت میں آیا ہے کہ رسول اللہ ﷺ نے فرمایا ‘ مجھ پر کوئی شخص قصداً دروغ بندی کرے اس کو اپنی جگہ آگ کی دونوں آنکھوں کے درمیان بنا لینی چاہئے۔ صحابہ نے عرض کیا کیا آگ کی بھی آنکھیں ہوں گی ؟ حضور ﷺ نے فرمایا کیا تم نے نہیں سنا کہ اللہ نے فرمایا ہے اِذَا رَاَتْہُمْ مِّنْ مَّکَانٍ بَعِیْدٍ ۔
بعض علماء نے کہا آگ کی طرف دیکھنے کی نسبت مجازی ہے یعنی دوزخ کے فرشتے دیکھیں گے یا یہ مطلب ہے کہ آگ اتنی دوری پر ہوگی کہ دیکھی جاسکے گی۔ ایک حدیث میں آیا ہے ان دونوں کے آپس میں اتنی ہی مسافت ہوگی کہ دکھائی نہیں پڑے گی ‘ یعنی دونوں میں اتنا فاصلہ نہ ہوگا کہ ایک دوسرے کو دیکھ سکیں۔ (بلکہ فاصلہ بہت ہوگا) ۔
مَکَانٍ بَعِیْدٍ کی تشریح میں کلبی نے کہا سو سال کی راہ۔
بعض نے کہا پانچ سو برس راہ کی مسافت۔
سمعوا لہا تغیظا وزفیرا۔ تو وہ (کافر) سنیں گے اس آگ کے غضبناک ہونے کی آواز اور غراہٹ۔
تغیظ جوش مارنے کی آواز جو غضبناک آدمی کی غصیلی آواز کی طرح ہو۔
زَفِیْر پیٹ کے اندر گڑگڑاہٹ ‘ غراہٹ۔