تدبرِ قرآن
Tadabbur-e-Quran · 107. Al-Maa'un · Ayah 2
فَذٰلِكَ الَّذِیْ یَدُعُّ الْیَتِیْمَۙ﴿2﴾
- فَذٰلِكَیہی ہے وہ
- الَّذِيْجو کہ
- يَدُعُّدھکے دیتا ہے
- الْيَتِيْمَیتیم کو
Translation · Tadabbur-e-Quran
وہی ہے جو یتیم کو دھکے دیتا ہے
Tafseer · Tadabbur-e-Quran
اسلامی معاشرہ میں یتیم کا مرتبہ: فرمایا کہ یہی شخص ہے جو یتیموں کو دھکے دیتا ہے۔ ’دَعٌّ‘ کے معنی دھکے دینے کے ہیں۔ فرمایا ہے:
’یَوْمَ یُدَعُّوْنَ اِلٰی نَارِ جَھَنَّمَ دَعًّا‘ (الطور ۵۲: ۱۳)
(جس دن وہ دھکے دے دے کر جہنم کی طرف لے جائے جائیں گے)
یتیموں کے ساتھ صحیح رویہ جس کی تعلیم دی گئی ہے ’اکرام‘ کا ہے۔ چنانچہ فرمایا ہے:
’کَلَّا بَلْ لَّا تُکْرِمُوْنَ الْیَتِیْمَ‘ (الفجر ۸۹: ۱۷)
(ہرگز نہیں، بلکہ تم لوگ یتیموں کی عزت نہیں کرتے)
اسلامی معاشرہ میں، جیسا کہ حضرت ابوبکر صدیق ؓ نے فرمایا ہے، ضعیف اس وقت تک سب سے زیادہ قوی اور با اثر ہے جب تک اس کا حق اس کو مل نہ جائے۔ اس چیز کا تقاضا یہ ہے کہ معاشرہ کا ہر فرد ان لوگوں کی دل سے عزت کرے جن کے حقوق ابھی ملنے ہیں۔ ان کے حقوق کی حمایت کرنا، ان کو ادا کرنے کی تلقین کرنا اور ان کو حاصل کرنے کے لیے سینہ سپر ہونا ہر باحمیت مسلمان کا فرض ہے۔