تدبرِ قرآن
Tadabbur-e-Quran · 2. Al-Baqara · Ayah 101
Tafseerوَ لَمَّا جَآءَهُمْ رَسُوْلٌ مِّنْ عِنْدِ اللّٰهِ مُصَدِّقٌ لِّمَا مَعَهُمْ نَبَذَ فَرِیْقٌ مِّنَ الَّذِیْنَ اُوْتُوا الْكِتٰبَ١ۙۗ كِتٰبَ اللّٰهِ وَرَآءَ ظُهُوْرِهِمْ كَاَنَّهُمْ لَا یَعْلَمُوْنَ٘﴿101﴾
- وَلَمَّااور جب
- جَآءَهُمْآیا، اُن
- رَسُوْلٌایک رسول
- مِنْسے
- عِنْدِ اللہِاللہ کی طرف
- مُصَدِّقٌتصدیق کرنے والا
- لِمَااسکی جو
- مَعَهُمْان کے پاس
- نَبَذَپھینک دیا
- فَرِیْقٌایک فریق
- مِنَسے
- الَّذِیْنَجنہیں
- أُوْتُوا الْكِتَابَکتاب دی گئی
- كِتَابَ اللہِاللہ کی کتاب
- وَرَآءَ ظُهُوْرِهِمْاپنی پیٹھ پیچھے
- کَاَنَّهُمْگویا کہ وہ
- لَا يَعْلَمُوْنَجانتے ہی نہیں
Translation · Tadabbur-e-Quran
اور جب ان کے پاس اللہ کی طرف سے ایک رسول ان پیشین گوئیوں کے مطابق آیا جو ان کے پاس موجود ہیں تو ان لوگوں نے جن کو کتاب دی گئی تھی، اللہ کی کتاب کو اس طرح پیٹھ پیچھے پھینکا گویا اس سے آشنا ہی نہیں
Tafseer · Tadabbur-e-Quran
اوپر والی آیت میں یہود کی عہد شکنی کی جس روش کا ذکر ہوا ہے اس آیت میں اسی کی واقعاتی شہادت پیش کر دی گئی ہے کہ دیکھو جب ان کے پاس اللہ کی طرف سے ایک رسول آیا جو ان پیشین گوئیوں کے بالکل مطابق ہے جو ان کے پاس پہلے سے موجود ہیں تو ان کے ایک گروہ نے اللہ کی کتاب کو اس طرح پیٹھ پیچھے پھینک دیا گویا اس سے کبھی آشنا ہی نہیں ہیں۔
“رسول”سے مراد نبی ﷺ ہیں۔ لفظ اگرچہ نکرہ کی صورت میں استعمال ہوا ہے لیکن بعد کی صفات اور سیاق وسباق سے مراد متعین ہو جاتی ہے۔ نیز اس سے رسول کی عظمت کا اظہار ہوتا ہے۔
“کتاب اللہ”سے مراد تورات بھی ہو سکتی ہے اور قرآن بھی۔ تورات مراد لینے کی صورت میں مطلب یہ ہو گا کہ ان اہل کتاب نے اہل کتاب ہو کر اللہ کی کتاب کو نبی آخرالزمان ﷺ کے معاملہ میں اس طرح نظر انداز کیا ہے گویا اس کو جانتے ہی نہیں۔ قرآن مجید مراد لینے کی صورت میں یہ مطلب ہو گا کہ اہل کتاب ہونے کی وجہ سے اللہ کی طرف سے آئی ہوئی ایک کتاب کو شناخت کرنے کے سب سے زیادہ اگر اہل تھے تو یہ تھے اس لئے کہ یہ ایک آسمانی کتاب کے وارث اور امین ہونے کے مدعی بھی تھے اور اس طرح کی ایک کتاب کے نزول کی ان کو پہلے خبر بھی تھی لیکن ضد اور حسد کا برا ہو کہ اہل کتاب ہو کر وہ اللہ کو اس طرح پیٹھ پیچھے پھینک رہے ہیں گویا اس کو جانتے ہی نہیں۔