تدبرِ قرآن
Tadabbur-e-Quran · 2. Al-Baqara · Ayah 88
Tafseerوَ قَالُوْا قُلُوْبُنَا غُلْفٌ١ؕ بَلْ لَّعَنَهُمُ اللّٰهُ بِكُفْرِهِمْ فَقَلِیْلًا مَّا یُؤْمِنُوْنَ﴿88﴾
- وَقَالُوْااور انہوں نے کہا
- قُلُوْبُنَاہمارے دل
- غُلْفٌپردہ میں
- بَلْبلکہ
- لَعَنَهُمُ اللّٰهُاللہ کی لعنت
- بِكُفْرِهِمْان کے کفر کے سبب
- فَقَلِیْلًاسو تھوڑے ہیں
- مَا يُؤْمِنُوْنَجو ایمان لاتے ہیں
Translation · Tadabbur-e-Quran
اور یہ کہتے ہیں کہ ہمارے دل تو بند ہیں بلہگ خدا نے ان کے کفر کے سبب سے ان پر لعنت کردی ہے تو شاذ و نادر ہی وہ ایمان لائیں گے
Tafseer · Tadabbur-e-Quran
یہ قول یہود کی طرف سے بطور ایک عذرلنگ کے بھی ہوسکتا ہے اور بطور اظہار تکبر کے بھی۔ پہلی صورت میں اس کا مطلب یہ ہو گا کہ یہ باتیں، جو پیغمبر پیش کرتے ہیں، ہمارے دل میں تو کسی طرح اترتی نہیں۔ اگر یہ خدا کی طرف سے ہیں تو خدا کے اختیار میں تو سب کچھ ہے۔ آخر وہ ہمارے دلوں کو ان باتوں کے لئے کھول کیوں نہیں دیتا۔
دوسری صورت میں اس کا مطلب یہ ہو گا کہ ہمارے دل ودماغ اس قسم کی لایعنی باتوں کے لئے نہیں بنے ہیں اس وجہ سے یہ کسی طرح بھی ہمارے دلوں میں نہیں دھنستی ہیں، اگر ان میں ذرا بھی معقولیت ہو تو معقول باتوں کے قبول کرنے کے معاملہ میں ہم سے بڑھ کر کون ہوسکتا ہے۔
قرآن مجید کے نظائر وشواہد ان دونوں ہی مفہوموں کی تائید میں موجود ہیں لیکن ہم یہاں دوسرے مفہوم کو ترجیح دیتے ہیں۔ اس کی وجہ یہ ہے کہ ان کے اس قول کے بعد اللہ تعالیٰ نے یہ جو فرمایا ہے کہ بَلْ لَعَنَهُمُ اللّٰہُ بِكُفْرِهِمْ (بلکہ اللہ تعالیٰ نے ان کے کفر کے سبب سے ان پر لعنت کر دی) اس سے واضح تائید اسی مفہوم کی نکلتی ہے، یعنی وہ تو اپنے گھمنڈ اور غرور کے سبب سے یہ سمجھتے ہیں کہ پیغمبر ﷺ کی باتیں ہی ایسی ہیں جو کسی معقول آدمی کے دل میں نہیں اتر سکتیں حالانکہ حقیقت اس کے بالکل خلاف ہے۔ یہ باتیں تو نہایت معقول اور دل نشین ہیں لیکن، ان لوگوں کے کفر اور ان کی ضد اور ہٹ دھرمی کے سبب سے ان کے دلوں پر اللہ تعالیٰ نے لعنت کر دی ہے اس وجہ سے اب ان کے اندر ان معقول باتوں کو قبول کرنے کے لئے کوئی صلاحیت باقی نہیں رہ گئی ہے۔