Surah Introduction

تدبرِ قرآن

Tadabbur-e-Quran · 2. Al-Baqara · Ayah 89

Tafseer
  1. وَ لَمَّا جَآءَهُمْ كِتٰبٌ مِّنْ عِنْدِ اللّٰهِ مُصَدِّقٌ لِّمَا مَعَهُمْ١ۙ وَ كَانُوْا مِنْ قَبْلُ یَسْتَفْتِحُوْنَ عَلَى الَّذِیْنَ كَفَرُوْا١ۖۚ فَلَمَّا جَآءَهُمْ مَّا عَرَفُوْا كَفَرُوْا بِهٖ١٘ فَلَعْنَةُ اللّٰهِ عَلَى الْكٰفِرِیْنَ﴿89﴾

    1. وَلَمَّااور جب
    2. جَآءَهُمْان کے پاس آئی
    3. كِتَابٌکتاب
    4. مِنْسے
    5. عِنْدِ اللہِاللہ کے پاس
    6. مُصَدِّقٌتصدیق کرنے والی
    7. لِمَااس کی جو
    8. مَعَهُمْان کے پاس
    9. وَکَانُوْااور وہ تھے
    10. مِنْ قَبْلُاس سے پہلے
    11. يَسْتَفْتِحُوْنَفتح مانگتے
    12. عَلَى الَّذِیْنَان پر جنہوں نے
    13. کَفَرُوْاکفر کیا
    14. فَلَمَّاسو جب
    15. جَآءَهُمْآیا انکے پاس
    16. مَا عَرَفُوْاجو وہ پہچانتے تھے
    17. کَفَرُوْامنکر ہوگئے
    18. بِهٖاس کے
    19. فَلَعْنَةُ اللہِسولعنت اللہ کی
    20. عَلَى الْکَافِرِیْنَکافروں پر
Translation · Tadabbur-e-Quran
اور جب آئی ان کے پاس ایک کتاب اللہ کے پاس سے مطابق ان پیشین گوئیوں کے جو ان کے ہاں موجود ہیں اور وہ پہلے سے کافروں کے مقابلے میں فتح کی دعائیں مانگ رہے تھے، تو جب آئی ان کے پاس وہ چیز جس کو وہ جانے پہچانے ہوئے تھے تو انہوں نے اس کا انکار کردیا۔ پس ان منکروں پر اللہ کی پھٹکار ہے
Tafseer · Tadabbur-e-Quran
کتاب سے یہاں مراد قرآن مجید ہے جو ان پیشین گوئیوں کی تصدیق کرتا ہوا نازل ہوا تھا جو اس کے بارے میں یہود کے صحیفوں میں وارد تھیں۔ اس پہلو سے قرآن کا سب سے پہلا اور سب سے بڑا احسان خود یہود پر تھا کہ اس نے ان کے صحیفوں کی بہت سے باتوں کو سچا ثابت کیا۔ اس احسان کا حق تو یہ تھا کہ وہ سب سے آگے بڑھ کر اس کتاب عزیز کو ہاتھوں ہاتھ لیتے۔ لیکن انہوں نے اس کو قبول کرنے کے بجائے ضد اور حسد کے سبب سے اس کی مخالفت کی راہ میں سبقت کی۔ قرآن مجید کو پچھلے صحیفوں کے مصدق کہنے کی حقیقت اسی سورہ کی آیت ۴۱ کی تفسیر میں ہم واضح کر چکے ہیں۔ قرآن اور نبی آخرالزمان ﷺ کی پیشین گوئیاں چونکہ یہود کے صحیفوں میں موجود تھیں اس وجہ سے ان کو ان پیشین گوئیوں کے ظہور کا بڑی شدت کے ساتھ انتظار تھا۔ ان کو امید تھی کہ جب اس نبی موعود کی بعثت ہو گی تو ان کی بدبختی اور مصیبت کے دن دور ہو جائیں گے اور اس کے ذریعہ سے اللہ تعالیٰ ان کو ان کے تمام دشمنوں پر فتح دے گا۔ اس فتح کے لئے وہ دعائیں بھی کرتے تھے لیکن یہ عجیب بدقسمتی ہے کہ جب یہ پیشین گوئی پوری ہوگئی جس کا انتظار تھا وہ آ چکا اور اس کے کارناموں نے یہ بھی ثابت کر دیا کہ یہ وہی ہے جس کی علامتیں پچھلے صحیفوں میں بیان ہوئی ہیں اور یہود نے اس کو اچھی طرح پہچان لیا تو محض ضد اور حسد کی وجہ سے اس کا انکار کر دیا۔ یہود کے اس رویہ کو حضرت مسیح علیہ السلام نے دس کنواریوں والی تمثیل میں واضح فرمایا ہے جو متی کے باب ۲۵ میں منقول ہے۔