تدبرِ قرآن
Tadabbur-e-Quran · 3. Aal-i-Imraan · Ayah 25
Tafseerفَكَیْفَ اِذَا جَمَعْنٰهُمْ لِیَوْمٍ لَّا رَیْبَ فِیْهِ١۫ وَ وُفِّیَتْ كُلُّ نَفْسٍ مَّا كَسَبَتْ وَ هُمْ لَا یُظْلَمُوْنَ﴿25﴾
- فَكَيْفَسو کیا
- اِذَاجب
- جَمَعْنٰھُمْانہیں ہم جمع کرینگے
- لِيَوْمٍاس دن
- لَّا رَيْبَنہیں شک
- فِيْهِاس میں
- وَوُفِّيَتْپورا پائے گا
- كُلُّہر
- نَفْسٍشخص
- مَّاجو
- كَسَبَتْاس نے کمایا
- وَھُمْاور وہ
- لَا يُظْلَمُوْنَحق تلفی نہ ہوگی
Translation · Tadabbur-e-Quran
اس وقت کیا ہوگا جب ہم ان کو ایک ایسے دن کے لیے اکٹھا کریں گے جس کے آنے میں کوئی شک نہیں ہے اور ہر جان کو جو اس نے کمائی کی ہوگی پوری کی جائے گی، ان پر کوئی ظلم نہیں کیا جائے گا۔
Tafseer · Tadabbur-e-Quran
یعنی یہ تو یہ امیدیں لگائے بیٹھے ہیں اور آخرت سے متعلق یہ لذیذ خواب دیکھ رہے ہیں لیکن اس وقت کیا بنے گا جب ہم ان کو ایک ایسے یوم الفصل کے احوال و نتائج دیکھنے کے لیے جمع کریں گے جو اس کائنات کی ایک اٹل حقیقت اور جس کے پیش آنے میں کسی شک و شبہ کی گنجائش نہیں ہے ؟ ہمارے نزدیک لام یہاں ’ فی ‘ کے معنی میں بھی ہوسکتا ہے، اس لیے کہ اس کے اندر ظرفیت کا مفہوم بھی پایا جاتا ہے۔ اور عربی زبان کے قواعد کی رو سے اس بات کی بھی گنجائش ہے کہ یہاں حرف جر کے بعد ایک مضاف محذوف مان لیا جائے۔
ہم نے اسی دوسرے پہلو کو سامنے رکھ کر آیت کی وضاحت کی ہے۔ اس دن کی ایک خصوصیت تو یہ بیان ہوئی کہ اس کے آنے میں کسی شک کی گنجائش نہیں ہے دوسری یہ کہ اس دن ہر نفس کو اس کی کمائی پوری کی جائے گی، کسی کے ساتھ کوئی کمی نہیں کی جائے گی۔ مطلب یہ ہے کہ اب یہ اہل کتاب خود سوچ لیں کہ آج ایک من گھڑت عقیدے میں مبتلا ہو کر یہ جس خواب خوش کے مزے لے رہے ہیں اس سے بیدار ہونے کے بعد انہیں کس حقیقت سے دو چار ہونا ہے۔