تدبرِ قرآن
Tadabbur-e-Quran · 30. Ar-Room · Ayah 5
بِنَصْرِ اللّٰهِ١ؕ یَنْصُرُ مَنْ یَّشَآءُ١ؕ وَ هُوَ الْعَزِیْزُ الرَّحِیْمُۙ﴿5﴾
- بِنَصْرِ اللّٰهِ ۭاللہ کی مدد سے
- يَنْصُرُوہ مدد دیتا ہے
- مَنْ يَّشَآءُ ۭجس کو چاہتا ہے
- وَهُوَاور وہ
- الْعَزِيْزُغالب
- الرَّحِيْمُنہایت مہربان
Translation · Tadabbur-e-Quran
اللہ کی مدد سے۔ وہ جس کو چاہتا ہے مدد کرتا ہے اور عزیز و رحیم تو وہی ہے۔
Tafseer · Tadabbur-e-Quran
بنصر اللہ ط ینصر من یشاء و ھو العزیز الرحیم (5)
بنصر اللہ کا تعلق سیغلبون سے بھی ہوسکتا ہے اور یفرح المومنون سے بھی۔ پہلی صورت میں اس کا مطلب یہ ہوگا کہ یہ غلبہ جو ان کو حاصل ہوگا اللہ تعالیٰ کی مدد سے حاصل ہوگا، اس لئے کہ اللہ ہی جس کی چاہتا ہے مدد فرماتا ہے۔ اس کے سوا کوئی اور کسی کی مدد نہیں کرسکتا۔ یہ امریہاں ملحاظ رہے کہ اللہ تعالیٰ کی مشیت تمام ترحق و عدل پر مبنی ہے اس وجہ سے وہ انہیں کی مدد فرماتا ہے جو اس کے عدل و حکمت کی رو سے اس کی مدد کے سزا وار ہوتے ہیں۔ ’ عزیز ورحیم ‘ کی صفات کا حوالہ یہاں اس کی مشیت کی نوعیت کے اظہار کے لئے ہے کہ وہ غالب و مقتدر ہے اس وجہ سے اس کی مشیت میں کوئی مزاحم تو نہیں ہوسکتا لیکن ساتھ ہی وہ رحیم بھی ہے اس وجہ سے اس کا ہر ارادہ عدل و رحمت پر مبنی ہوتا ہے۔ وہ اپنی مشیت کے زور میں یہ نہیں کرتا کہ قوموں کو قوموں سے ٹکرا کر ان کے فساد فی الارض کا تماشا دیکھے۔