تدبرِ قرآن
Tadabbur-e-Quran · 41. Fussilat · Ayah 16
فَاَرْسَلْنَا عَلَیْهِمْ رِیْحًا صَرْصَرًا فِیْۤ اَیَّامٍ نَّحِسَاتٍ لِّنُذِیْقَهُمْ عَذَابَ الْخِزْیِ فِی الْحَیٰوةِ الدُّنْیَا١ؕ وَ لَعَذَابُ الْاٰخِرَةِ اَخْزٰى وَ هُمْ لَا یُنْصَرُوْنَ﴿16﴾
- فَاَرْسَلْنَاپس ہم نے بھیجی
- عَلَيْهِمْان پر
- رِيْحًاہوا
- صَرْصَرًاتند وتیز
- فِيْٓ اَيَّامٍدنوں میں
- نَّحِسَاتٍنحوست
- لِّنُذِيْقَهُمْتاکہ ہم چکھائیں
- عَذَابَعذاب
- الْخِزْيِرسوائی
- فِيمیں
- الْحَيٰوةِ الدُّنْيَا ۭدنیا کی زندگی
- وَلَعَذَابُاور البتہ عذاب
- الْاٰخِرَةِآخرت
- اَخْزٰىزیادہ رسوا کرنیوالا
- وَهُمْاور وہ
- لَا يُنْصَرُوْنَمدد نہ کئے جائیں گے
Translation · Tadabbur-e-Quran
تو ہم نے ان پر چند منحوس دنوں میں ایک بادتند بھیجی تاکہ ان کو دنیا کی زندگی میں رسوائی کا عذاب چکھائیں اور آخرت کا عذاب تو اس سے کہیں زیادہ رسوا کن ہوگا اور وہاں ان کی کوئی مدد نہیں ہوگی۔
Tafseer · Tadabbur-e-Quran
عاد پر عذاب
’ ریع صرصر ‘ سے مراد وہ باد تند ہے جو عرب میں شدید سردیوں کے زمانے میں شمال سے چلتی ہے اور جس کے ساتھ سرما کے بادل بھی ہوتے ہیں اور گرج چمک بھی۔
’ ایام نحسات ‘ سخت سردی کے ان دنوں کو بھی کہتے ہیں جن میں سردی کی شدت کے سبب سے ہر چیز پر اداسی، افسردگی، خشکی اور ایک قسم کی نحوست چھا جاتی ہے۔
فرمایا کہ چونکہ انہوں نے استکبار اور حق سے اعراض کی روش اختیار کرلی اس وجہ سے ہم نے ان کو دنیا کی زندگی میں ذلت کا عذاب چکھانے کے لئے، ان پر سرما کی نحوست کے ایام میں، باد صر صر مسلط کردی جس نے ان کو بالکل تاراج کر کے رکھ دیا۔ اس طرح وہ ان لوگوں کی نگاہوں میں بھی ذلیل ہوئے جن کے انذار کے جواب میں وہ ’ من اشد منا قوۃ ‘ کا نعرہ لگاتے تھے اور اپنی دوسری ہم چشم قوموں کی نگاہوں میں بھی ایک نمونہ عبرت بن کر رہ گئے اور اس عذاب دنیا کے بعد ان کو عذاب آخرت سے بھی سابق پیش آنا ہے جو اس عذاب سے بھی زیادہ رسوا کن ہوگا اس لئے کہ اس کی رسوائی ابدی اور تمام خلائق کے سامنے ہوگی۔
’ وھم لا ینصرون ‘۔ اور اس دن کسی طرف سے بھی ان کی کوئی مدد نہیں ہوگی۔ نہ ان کی وہ قوت و جمعیت ان کے کچھ کام آئے گی جس پر وہ نازاں رہے اور نہ ان کے وہ دیوی دیوتا کچھ کام آئیں گے جن کی حمایت میں انہوں نے اللہ اور اس کے رسولوں کی تکذیب کی۔