تدبرِ قرآن
Tadabbur-e-Quran · 41. Fussilat · Ayah 17
وَ اَمَّا ثَمُوْدُ فَهَدَیْنٰهُمْ فَاسْتَحَبُّوا الْعَمٰى عَلَى الْهُدٰى فَاَخَذَتْهُمْ صٰعِقَةُ الْعَذَابِ الْهُوْنِ بِمَا كَانُوْا یَكْسِبُوْنَۚ﴿17﴾
- وَاَمَّااور رہے
- ثَمُوْدُثمود
- فَهَدَيْنٰهُمْسو ہم نے راستہ دکھایا انہیں
- فَاسْتَحَبُّواتو انہوں نے پسند کیا
- الْعَمٰىاندھا رہنا
- عَلَيپر
- الْهُدٰىہدایت
- فَاَخَذَتْهُمْتو انہیں آپکڑا
- صٰعِقَةُچنگھاڑ
- الْعَذَابِعذاب
- الْهُوْنِذلت
- بِمَااس کی سزا میں جو
- كَانُوْا يَكْسِبُوْنَوہ کماتے (کرتے) تھے
Translation · Tadabbur-e-Quran
رہے ثمود تو ہم نے ان کو ہدایت کی راہ دکھائی لیکن انہوں نے ہدایت پر اندھے پن کو ترجیح دی تو ان کو بھی عذاب ذلت کے کڑکے نے آدبوچا ان کے اعمال کی پاداش میں
Tafseer · Tadabbur-e-Quran
ثمود کا رویہ اور ان پر عذاب
فرمایا کہ یہی حال عاد کے بعد ثمود کا بھی ہوا۔ ہم نے ان کے لئے بھی ہدایت کی راہ کھولی لیکن انہوں نے ہماری ہدایت پر اپنی ضلالت ہی کو ترجیح دی بالآخر ان کے اعمال کی پاداش میں ہم نے ان کو بھی ذلت کے عذاب میں پکڑا اور وہ بالکل پامال و ذلیل ہو کر رہ گئے۔ یہ امر یہاں واضح رہے کہ ان کے عذاب کی نوعیت بھی کم و بیش وہی تھی جس کی وضاحت قوم عاد کے عذاب کے سلسلہ میں ہوچکی ہے۔ نظائر قرآن کی روشنی میں اس کی تفصیل اس کے محل میں ہم پیش کرچکے ہیں۔