تدبرِ قرآن
Tadabbur-e-Quran · 70. Al-Ma'aarij · Ayah 22
اِلَّا الْمُصَلِّیْنَۙ﴿22﴾
- اِلَّا الْمُصَلِّيْنَسوائے نمازیوں کے
Translation · Tadabbur-e-Quran
صرف نمازی اس سے مستثنیٰ ہیں۔
Tafseer · Tadabbur-e-Quran
عدم توازن سے پاک گروہ:
یہ ان لوگوں کا ذکر ہے جو اس عدم توازن یا بے راہ روی سے پاک ہیں جس کا ذکر اوپر ہوا۔ فرمایا کہ نمازی اس سے مستثنیٰ ہیں۔
اس سے معلوم ہوا کہ نفس کے متضاد داعیات میں صحیح توازن اور نقطۂ اعتدال پیدا کرنے میں اولین عامل کی حیثیت نماز کو حاصل ہے۔ جو شخص اپنی تربیت اس طرح کرنا چاہے کہ شیطان اس کو کسی بے راہ روی میں مبتلا نہ کرنے پائے اس کے لیے سب سے اول شے نماز کا اہتمام ہے۔ اس کے بغیر کوئی شخص اس مقصد میں کامیابی نہیں حاصل کر سکتا۔
نماز صحیح توازن پیدا کرتی ہے: رہا یہ سوال کہ نماز میں وہ کیا چیز ہے جس کے سبب سے اس مقصد تربیت میں اس کو اولیت حاصل ہے تو یہاں اس کے تفصیلی جواب کا محل نہیں ہے۔ اس کے جواب میں ہم نے ’حقیقت نماز‘ کے عنوان سے ایک رسالہ لکھا ہے۔ تفصیل کے طالب اس کا مطالعہ کریں۔ یہاں ہم اس کے صرف انہی پہلوؤں کو زیربحث لائیں گے جن کی طرف قرآن نے اس مقام میں اشارہ کیا ہے۔