تدبرِ قرآن
Tadabbur-e-Quran · 74. Al-Muddaththir · Ayah 18
اِنَّهٗ فَكَّرَ وَ قَدَّرَۙ﴿18﴾
- اِنَّهٗ فَكَّرَبیشک اس نے سوچا
- وَقَدَّرَاور اس نے اندازہ کیا
Translation · Tadabbur-e-Quran
اس نے سوچا اور ایک بات بنائی۔
Tafseer · Tadabbur-e-Quran
معاندین قرآن کے عناد کی تصویر:
آیت ۱۶ میں یہ جو فرمایا ہے کہ ’وہ ہماری آیات کا شدید معاند ہے‘ یہ اسی عناد کی تصویر کھینچی گئی ہے اور غور سے دیکھیے کہ کیسی مکمل تصویر کھینچی گئی ہے۔
’إِنَّہُ فَکَّرَ وَقَدَّرَ‘۔ یعنی جب قرآن اس کو سنایا گیا تو اس نے اپنا ردعمل فوری طور پر ظاہر کرنے کے بجائے کچھ دیر غور کرنے کا تکلف کیا تاکہ دیکھنے والوں پر یہ اثر پڑے کہ ان کا لیڈر مسئلہ پر سنجیدگی کے ساتھ غور کر کے اپنی رائے ظاہر کرنا چاہتا ہے۔ ’وَقَدَّرَ‘ یعنی غور کرنے کے بعد جو رائے اس کے ذہن میں آئی اس کو اس نے اپنے ذہن میں اچھی طرح تولا کہ وہ ایسی بات کہے جو دلوں میں اتر جائے اور ہر شخص پکار اٹھے کہ جو رائے ظاہر کی گئی ہے نہایت صائب ہے۔