تدبرِ قرآن
Tadabbur-e-Quran · 80. Abasa · Ayah 23
كَلَّا لَمَّا یَقْضِ مَاۤ اَمَرَهٗؕ﴿23﴾
- كَلَّاہرگز نہیں
- لَمَّا يَقْضِنہیں پورا کیا
- مَآ اَمَرَهٗجو اس نے حکم دیا اس کو
Translation · Tadabbur-e-Quran
ہرگز نہیں، اس نے حکم کی تعمیل اب تک نہ کی جو اس کے رب نے اسے دیا
Tafseer · Tadabbur-e-Quran
یہ آیت اوپر والی آیت ’قُتِلَ الْإِنۡسَانُ مَا أَکْفَرَہٗ‘ کے بالکل متوازی آیت ہے جس طرح اس میں ہٹ دھرموں کی ہٹ دھرمی پر اظہار تعجب اور پھر ان کے اپنے وجود سے اس قیامت پر دلیل ہے جس کو وہ ناممکن سمجھ رہے تھے اسی طرح اس آیت میں ان کی کج فہمی پر بانداز زجر ملامت اور اس کے بعد قیامت اور جزا و سزا پر اس اہتمام ربوبیت سے دلیل ہے جو اللہ تعالیٰ نے انسان کے گرد و پیش میں پھیلا رکھا ہے اور جو زبان حال سے یہ شہادت دے رہا ہے کہ جس انسان کے لیے رب کریم نے یہ خوان نعمت بچھایا ہے وہ غیرمسؤل نہیں چھوڑا جائے گا بلکہ اس کے لیے لازماً ایک روز حساب آنے والا ہے۔
’لَمَّا یَقْضِ مَا أَمَرَہٗ‘ کے اسلوب بیان سے یہ بات نکلتی ہے کہ جہاں تک سمجھانے اور دلائل پیش کرنے کا تعلق ہے اس میں اب کوئی کسر نہیں رہ گئی ہے لیکن ان ضدیوں کی ضد اور مکابرت کا وہی حال ہے جو پہلے تھا۔ جس دن کے لیے تیاری کی ان کو ہدایت کی جا رہی ہے اب بھی وہ اس سے بے پروا ہیں۔
’مَا أَمَرَہٗ‘ میں وہ تمام احکام و اوامر بھی داخل ہیں جو فطرت کی بدیہیات میں سے ہیں اور وہ احکام بھی جو نبیوں اور رسولوں کے ذریعہ سے لوگوں کی ہدایت کے لیے اللہ تعالیٰ نے نازل فرمائے۔ بدیہیات فطرت کے امر الٰہی ہونے کی وضاحت ہم آیت ’فَأْتُوہُنَّ مِنْ حَیْْثُ أَمَرَکُمُ اللّٰہُ‘ (البقرہ ۲: ۲۲۲) کے تحت کر چکے ہیں۔