Surah Introduction

تفہیم القرآن

Tafheem-ul-Quran · 16. An-Nahl · Ayah 36

Tafseer
  1. وَ لَقَدْ بَعَثْنَا فِیْ كُلِّ اُمَّةٍ رَّسُوْلًا اَنِ اعْبُدُوا اللّٰهَ وَ اجْتَنِبُوا الطَّاغُوْتَ١ۚ فَمِنْهُمْ مَّنْ هَدَى اللّٰهُ وَ مِنْهُمْ مَّنْ حَقَّتْ عَلَیْهِ الضَّلٰلَةُ١ؕ فَسِیْرُوْا فِی الْاَرْضِ فَانْظُرُوْا كَیْفَ كَانَ عَاقِبَةُ الْمُكَذِّبِیْنَ﴿36﴾

    1. وَاور
    2. لَقَدْ بَعَثْنَاتحقیق ہم نے بھیجا
    3. فِيْمیں
    4. كُلِّ اُمَّةٍہر امت
    5. رَّسُوْلًاکوئی رسول
    6. اَنِکہ
    7. اعْبُدُواعبادت کرو تم
    8. اللّٰهَاللہ
    9. وَاجْتَنِبُوااور بچو
    10. الطَّاغُوْتَطاغوت (سرکش)
    11. فَمِنْهُمْسو ان میں سے بعض
    12. مَّنْ هَدَىجسے ہدایت دی
    13. اللّٰهُاللہ
    14. وَمِنْهُمْاور ان میں سے
    15. مَّنْبعض
    16. حَقَّتْثابت ہوگئی
    17. عَلَيْهِاس پر
    18. الضَّلٰلَةُگمراہی
    19. فَسِيْرُوْاپس چلو پھرو
    20. فِي الْاَرْضِزمین میں
    21. فَانْظُرُوْاپھر دیکھو
    22. كَيْفَکیسا
    23. كَانَہوا
    24. عَاقِبَةُانجام
    25. الْمُكَذِّبِيْنَجھٹلانے والے
Translation · Tafheem-ul-Quran
ہم نے ہر اُمّت میں ایک رسُول بھیج دیا، اور اُس کے ذریعہ سے سب کو خبر دار کر دیا کہ ”اللہ کی بندگی کرو اور طاغوت کی بندگی سے بچو۔“32 اس کے بعد ان میں سے کسی کو اللہ نے ہدایت بخشی اور کسی پر ضلالت مسلّط ہو گئی۔33 پھر ذرا زمین میں چل پھر کر دیکھ لو کہ جھُٹلانے والوں کا کیا انجام ہو چکا ہے34
Tafseer · Tafheem-ul-Quran
سورة النَّحْل 32 یعنی تم اپنے شرک اور اپنی خود مختارانہ تحلیل و تحریم کے حق میں ہماری مشیت کو کیسے سند جواز بنا سکتے ہو، جبکہ ہم نے ہر امت میں اپنے رسول بھیجے اور ان کے ذریعہ سے لوگوں کو صاف صاف بتادیا کہ تمہارا کام صرف ہماری بندگی کرنا ہے، طاغوت کی بندگی کے لیے تم پیدا نہیں کیے گئے ہو۔ اس طرح جبکہ ہم پہلے ہی معقول ذرائع سے تم کو بتا چکے ہیں کہ تمہاری ان گمراہیوں کو ہماری رضا حاصل نہیں ہے تو اس کے بعد ہماری مشیت کی آڑ لے کر تمہارا اپنی گمراہیوں کو جائز ٹھیرانا صاف طور پر یہ معنی رکھتا ہے کہ تم چاہتے تھے کہ ہم سمجھانے والے رسول بھیجنے کے بجائے ایسے رسول بھیجتے جو ہاتھ پکڑ کر تم کو غلط راستوں سے کھینچ لیتے اور زبردستی تمہیں راست رو بناتے۔ (مشیت اور رضا کے فرق کو سمجھنے کے لیے ملاحظہ ہو سورة انعام 80۔ سورة زمر 20)۔ سورة النَّحْل 33 یعنی ہر پیغمبر کی آمد کے بعد اس کی قوم دو حصوں میں تقسیم ہوئی۔ بعض نے اس کی بات مانی (اور یہ مان لینا اللہ کی توفیق سے تھا) اور بعض اپنی گمراہی پر جمے رہے۔ (مزید تشریح کے لیے ملاحظہ ہو سورة انعام 28)۔ سورة النَّحْل 34 یعنی تجربے سے بڑھ کر تخلیق کے لیے قابل اعتماد کسوٹی اور کوئی نہیں ہے۔ اب تم خود دیکھ لو کہ تاریخ انسانی کے پے درپے تجربات کیا ثابت کر رہے ہیں۔ عذاب الہٰی فرعون و آل فرعون پر آیا یا موسیٰ ؑ اور بنی اسرائیل پر ؟ صالح ؑ کے جھٹلانے والوں پر آیا یا ماننے والوں پر ؟ ہود ؑ اور نوح ؑ اور دوسرے انبیاء (علیہم السلام) کے منکرین پر آیا یا مومنین پر ؟ کیا واقعی ان تاریخی تجربات سے یہی نتیجہ نکلتا ہے کہ جن لوگوں کو ہماری مشیت نے شرک اور شریعت سازی کے ارتکاب کا موقع دیا تھا ان کو ہماری رضا حاصل تھی ؟ اس کے برعکس یہ واقعات تو صریحا یہ ثابت کر رہے ہیں کہ فہمائش اور نصیحت کے باوجود جو لوگ ان گمراہیوں پر اصرار کرتے ہیں انہیں ہماری مشیت ایک حد تک ارتکاب جرائم کا موقع دیتی چلی جاتی ہے اور پھر ان کا سفینہ خوب بھر جانے کے بعد ڈبو دیا جاتا ہے۔