Surah Introduction

تفہیم القرآن

Tafheem-ul-Quran · 63. Al-Munaafiqoon · Ayah 6

  1. سَوَآءٌ عَلَیْهِمْ اَسْتَغْفَرْتَ لَهُمْ اَمْ لَمْ تَسْتَغْفِرْ لَهُمْ١ؕ لَنْ یَّغْفِرَ اللّٰهُ لَهُمْ١ؕ اِنَّ اللّٰهَ لَا یَهْدِی الْقَوْمَ الْفٰسِقِیْنَ﴿6﴾

    1. سَوَآءٌ عَلَيْهِمْبرابر ہے ان پر
    2. اَسْتَغْفَرْتَ لَهُمْخواہ تم بخشش مانگو ان کے لیے
    3. اَمْ لَمْ تَسْتَغْفِرْیا نہ تم بخشش مانگو
    4. لَهُمْان کے لیے
    5. لَنْہرگز نہ
    6. يَّغْفِرَ اللّٰهُ لَهُمْمعاف کرے گا اللہ ان کو
    7. اِنَّ اللّٰهَکیونکہ اللہ تعالیٰ
    8. لَا يَهْدِينہیں ہدایت دیتا
    9. الْقَوْمَ الْفٰسِقِيْنَفاسق قوم کو
Translation · Tafheem-ul-Quran
اے نبیؐ  ، تم چاہے ان کے لیے مغفرت کی دُعا کرو یا نہ کرو، ان کے لیے یکساں ہے، اللہ ہر گز انہیں معاف نہ کرے گا، 13 اللہ فاسق لوگوں کو ہر گز ہدایت نہیں دیتا۔ 14
Tafseer · Tafheem-ul-Quran
سورة الْمُنٰفِقُوْن 13 یہ بات سورة توبہ میں (جو سورة منافقون کے تین سال بعد نازل ہوئی ہے) اور زیادہ تاکید کے ساتھ فرما دی گئی۔ اس میں اللہ تعالیٰ نے رسول اللہ ﷺ کو مخاطب کر کے منافقین کے متعلق فرمایا کہ " تم چاہے ان کے لیے استغفار کرو یا نہ کرو، اگر تم ستر (70) مرتبہ بھی ان کے لیے دعائے مغفرت کرو گے تو اللہ ان کو ہرگز معاف نہ کرے گا۔ یہ اس لیے کہ انہوں نے اللہ اور اس کے رسول سے کفر کیا ہے، اور اللہ فاسق لوگوں کو ہدایت نہیں دیا کرتا " (التوبہ۔ آیت 80)۔ آگے چل کر پھر فرمایا " اگر ان میں سے کوئی مر جائے تو اس کی نماز جنازہ کبھی نہ پڑھنا اور نہ اس کی قبر پر کھڑے ہونا۔ ان لوگوں نے اللہ اور اس کے رسول سے کفر کیا ہے اور یہ فاسق ہونے کی حالت میں مرے ہیں " (التوبہ۔ آیت 84)۔ سورة الْمُنٰفِقُوْن 14 اس آیت میں دو مضمون بیان کیے گئے ہیں۔ ایک یہ کہ دعائے مغفرت صرف ہدایت یافتہ لوگوں ہی کے حق میں مفید ہو سکتی ہے۔ جو شخص ہدایت سے پھر گیا ہو اور جس نے اطاعت کے بجائے فسق و نافرمانی کی راہ اختیار کرلی ہو، اس کے لیے کوئی عام آدمی تو در کنار، خود اللہ کا رسول بھی مغفرت کی دعا کرے تو اسے معاف نہیں کیا جاسکتا۔ دوسرے یہ کہ ایسے لوگوں کو ہدایت بخشنا اللہ کا طریقہ نہیں ہے جو اس کی ہدایت کے طالب نہ ہوں۔ اگر ایک بندہ خود اللہ تعالیٰ کی ہدایت سے منہ موڑ رہا ہو، بلکہ ہدایت کی طرف اسے بلایا جائے تو سر جھٹک کر غرور کے ساتھ اس دعوت کو رد کر دے، تو اللہ کو کیا ضرورت پڑی ہے کہ اس کے پیچھے پیچھے اپنی ہدایت لیے پھرے اور خوشامد کرے اسے راہ راست پر لائے۔