Urwatul-Wusqaa - An-Nisaa : 38
وَ الَّذِیْنَ یُنْفِقُوْنَ اَمْوَالَهُمْ رِئَآءَ النَّاسِ وَ لَا یُؤْمِنُوْنَ بِاللّٰهِ وَ لَا بِالْیَوْمِ الْاٰخِرِ١ؕ وَ مَنْ یَّكُنِ الشَّیْطٰنُ لَهٗ قَرِیْنًا فَسَآءَ قَرِیْنًا
وَالَّذِيْنَ : اور جو لوگ يُنْفِقُوْنَ : خرچ کرتے ہیں اَمْوَالَھُمْ : اپنے مال رِئَآءَ : دکھاوے کو النَّاسِ : لوگ وَ : اور لَا يُؤْمِنُوْنَ : نہیں ایمان لاتے بِاللّٰهِ : اللہ پر وَلَا : اور نہ بِالْيَوْمِ الْاٰخِرِ : آخرت کے دن پر وَمَنْ : اور جو۔ جس يَّكُنِ : ہو الشَّيْطٰنُ : شیطان لَهٗ : اس کا قَرِيْنًا : ساتھی فَسَآءَ : تو برا قَرِيْنًا : ساتھی
اور جو محض لوگوں کے دکھانے کو مال خرچ کرتے ہیں وہ فی الحقیقت اللہ پر اور آخرت کے دن پر ایمان نہیں رکھتے اور دیکھو جس کا ساتھی شیطان ہو کیا ہی برا یہ ساتھی ہے
دکھاوے کے لیے مال خرچ کرنا مال کو ضائع کرنے کے برابر ہے : 86: یہ ریا سے مال خرچ کرنے والے وہی لوگ ہیں جن کو مختال و فخور کہا گیا اور جن کی ایک صفت بخیل بھی بیان ہوچکی۔ فرمایا : اگر یہ مال خرچ کرتے بھی ہیں تو دکھاوے کے لیے۔ اس طرح بھی ان کی دراصل ایک غرض پوری ہوتی ہے کہ وہ سمجھتے ہیں کہ اس طرح ان کا نام روشن ہوگا اور اس طرح اس رسم کے ادا کرنے سے برادری میں ایک مقام حاصل ہوگا اور لوگ عش عش کر اٹھیں گے پھر ہر جگہ اور ہر مقام پر اس کا چرچا ہوگا۔ اس طرح گویا ناک رکھنے کے لیے زمینیں اور جائیدادیں بھی فروخت کرلیں گے مگر اللہ کی راہ میں دینے کا نام آئے تو چند پیسے خرچ کرنے بھی ان کو دشوار ہوں گے اور زیرنظر آیت میں مزید اشارہ اس طرح فرمایا کہ اس طرح یہ لوگ شیطان کی راہ میں مال خرچ کرتے وقت تو بخیل نہیں ہوتے لیکن یہ شیطان کی راہ میں مال خرچ کرنا ان کے بخل سے ایک درجہ بڑھ کر برائی ہے اس لیے اگر وہ ایک برائی سے نکلے بھی ہیں تو اس سے بڑی برائی میں پھنس کر رہ گئے ہیں۔ ایسا کیوں ہوا ؟ فرمایا اس لیے کہ اللہ تعالیٰ اور آخرت پر ایمان نہ ہو تو اس کا نتیجہ یہی ہوتا ہے کہ انسان جو کچھ کرتا ہے یا جو کچھ وہ کرسکتا ہے اس کا صلہ نقد حاصل کرنا چاہتا ہے خواہ وہ پیسے کی صورت میں ملے یا نام و نمود کی صورت میں کیونکہ اس کی انا کی تسکنک کے لیے سامان ضروری ہے اور وہ دونوں طریقوں سے اس کو حاصل ہوجاتی ہے۔ فرمایا : غور کرو کہ جس کا ساتھی شیطان ہوجائے کیا اس سے زیادہ برا ساتھی بھی کسی کو میسر آسکتا ہے ؟ کیا جس کا ساتھی برا ہوگا وہ خود بھی اچھا ہو سکتا ہے ؟
Top