Anwar-ul-Bayan - Al-Baqara : 3
الَّذِیْنَ یُؤْمِنُوْنَ بِالْغَیْبِ وَ یُقِیْمُوْنَ الصَّلٰوةَ وَ مِمَّا رَزَقْنٰهُمْ یُنْفِقُوْنَۙ
الَّذِينَ : جو لوگ يُؤْمِنُونَ : ایمان لاتے ہیں بِالْغَيْبِ : غیب پر وَيُقِيمُونَ : اور قائم کرتے ہیں الصَّلَاةَ : نماز وَمِن : اور سے مَّا : جو رَزَقْنَاهُمْ : ہم نے انہیں دیا يُنْفِقُونَ : وہ خرچ کرتے ہیں
جو غیب پر ایمان لاتے اور آداب کے ساتھ نماز پڑھتے، اور جو کچھ ہم نے ان کو عطا فرمایا ہے اس میں سے خرچ کرتے ہیں
(2-3) الذین ۔۔ اسم موصول جمع مذکر۔ یؤمنون بالغیب : امن یؤمن ایمانا۔ (افعال) سے مضارع کا صیغہ جمع مزکر غائب ۔ وہ ایمان رکھتے ہیں۔ ایمان لاتے ہیں۔ امن متعدی اور لازم دونوں طرح استعمال ہوتا ہے ب اور ل ‘ کے صلہ کے ساتھ بھی متعدی مستعمل ہے ب کے صلہ کے ساتھ بمعنی ماننا اور قبول کرنا جیسے امنت باللہ ۔ میں نے اللہ کو مانا۔ قبول کیا ۔ اللہ پر ایمان لایا۔ اور امن لہ۔ تابعدار اور مطیع ہونا۔ شرع کی اصطلاح میں ایمان کے معنی ہیں اقرار باللسان و تصدیق بالقلب زبان سے اقرار اور دل سے تصدیق کرنا۔ الغیب : یہ غاب یغیب (باب ضرب یضرب) کا مصدر ہے غیاب وغیبۃ وغیوب، دیگر مصادر ہیں۔ اس کے معنی کسی چیز کے نگاہوں سے پوشیدہ اور اوجھل ہونے کے ہیں ۔ اور ہر وہ چیز جو انسان کے علم اور حواس سے پوشیدہ ہو اس پر غیب کا لفظ بولا جاتا ہے اس میں اللہ تعالیٰ ، مائ کہ، حشر و نشر، جنت و دوزخ سب شامل ہیں۔ جملہ یؤمنون بالغیب صلہ ہے الذین۔ اسم موصول کا۔ اور معطوف علیہ اگلے جملہ ویقیمون الصلوٰۃ کا۔ یقیمون : مضارع کا صیغہ جمع مذکر غائب۔ اقامۃ (باب افعال) مصدر۔ وہ ٹھیک ٹھیک ادا کرتے ہیں۔ اقامت بمعنی سیدھا کھڑا کرنا ہے یعنی تعدیل ارکان ، نہایت خشوع و خصوع اور حضور قلب سے نماز ادا کرنا ویقیمون الصلوٰۃ اور نماز کو صحیح صحیح ادا کرتے ہیں۔ ومما رزقنھم ینفقون۔ واؤ عاطفہ مما مرکب ہے من جار اور ما موصولہ سے رزقنا فقل بافاعل ھم مفعول رزقنھم جملہ فعلیہ ہوکر ما موصول کا صلہ۔ موصول اپنے صلہ سے مل کر من حرف جار کا مجرور ہوا۔ اور جاء اپنے مجرور سے مل کر فعل ینفقون سے متعلق ہے، فعل و فاعل و متعلق فعل مل کر جملہ فعلیہ ہوکر جملہ یؤمنون بالغیب کا معطوف ہوا۔ ینفقون مضارع جمع مذکر غائب انفاق (افعال) مصدر وہ خرچ کرتے ہیں۔ تینوں جملے جو ایک دوسرے پر معطوف ہیں صلہ ہوئے موصول الذین کے۔ اور موصول اپنے صلہ سے مل کر متقین کی صفت ہوئی۔ یعنی متقین وہ ہیں جو (1) غیب پر ایمان لاتے ہیں (2) نماز کو صحیح صحیح ادا کرتے ہیں اور (3) جو روزی ہم نے ان کو دی ہوئی ہے اس سے (ہماری راہ میں) خرچ کرتے ہیں۔
Top