Tafseer-e-Baghwi - Yunus : 63
الَّذِیْنَ اٰمَنُوْا وَ كَانُوْا یَتَّقُوْنَؕ
الَّذِيْنَ : وہ لوگ جو اٰمَنُوْا : ایمان لائے وَكَانُوْا : اور وہ رہے يَتَّقُوْنَ : تقویٰ کرتے رہے
(یعنی) وہ جو ایمان لائے اور پرہیزگار رہے
اولیاء اللہ کی علامات کیا ہیں (63)” الذین امنوا وکانوا یتقون “ بعض حضرات نے کہا ہے کہ وہ لوگ جو اللہ کی وجہ سے آپس میں محبت رکھتے ہیں ۔ ابومالک اشعری ؓ سے روایت ہے فرماتے ہیں کہ میں نبی کریم ﷺ کی خدمت میں تھا کہ آپ (علیہ السلام) نے فرمایا کہ اللہ کے کچھ بندے ایسے ہیں جو نہ انبیاء ہیں اور نہ شہداء ان پر انبیاء اور شہداء ان کے قرب اور اللہ کے پاس مرتبہ کی وجہ سے قیامت کے دن رشک کریں گے۔ ابو مالک ؓ فرماتے ہیں کہ جماعت کے ایک کونہ میں ایک دیہاتی شخص بیٹھا تھا وہ اپنے گھٹنوں کے بل بیٹھ گیا اور ہاتھ رکھ کر کہا اے اللہ کے رسول ! ہمیں بتائیں کہ وہ کون لوگ ہیں ؟ ابو مالک ؓ فرماتے ہیں کہ میں نے نبی کریم ﷺ کے چہرہ پر خوشی کے آثار دیکھے ، پھر آپ (علیہ السلام) نے فرمایا وہ اللہ کے بندوں میں سے کچھ بندے ہیں جو متفرق شہروں میں سے ہیں ان کے درمیان کوئی رشتہ نہیں جس کو جوڑ رہے ہوں اور نہ دنیا ہے کہ جس کا تبادلہ کر رہے ہوں ، وہ آپس میں اللہ کی وجہ سے محبت رکھتے ہیں ، اللہ ان کے چہروں کو نور کا کر دے گا اور ان کے لیے رحمن کے سامنے موتیوں کے منبر ہوں گے ، لوگ گھبرا رہے ہوں گے اور وہ نہ گھبرائیں گے اور لوگ ڈر رہے ہوں گے وہ نہ ڈریں گے اور ابو مالک اشعری ؓ سے روایت ہے کہ نبی کریم ﷺ سے پوچھا گیا کہ اللہ کے اولیاء کون لوگ ہیں ؟ تو آپ (علیہ السلام) نے فرمایا کہ وہ لوگ جن کو دیکھا جائے تو اللہ یاد آئے اور نبی کریم ﷺ سے روایت کیا گیا ہے کہ اللہ تعالیٰ نے فرمایا ہے کہ میرے اولیاء میرے بندوں میں سے وہ لوگ ہیں کہ وہ یاد کئے جائیں میرے ذکر کے ساتھ اور میں یاد کیا جائوں ان کے ذکر کے ساتھ ۔
Top