Kashf-ur-Rahman - Al-Qasas : 50
فَاِنْ لَّمْ یَسْتَجِیْبُوْا لَكَ فَاعْلَمْ اَنَّمَا یَتَّبِعُوْنَ اَهْوَآءَهُمْ١ؕ وَ مَنْ اَضَلُّ مِمَّنِ اتَّبَعَ هَوٰىهُ بِغَیْرِ هُدًى مِّنَ اللّٰهِ١ؕ اِنَّ اللّٰهَ لَا یَهْدِی الْقَوْمَ الظّٰلِمِیْنَ۠   ۧ
فَاِنْ : پھر اگر لَّمْ يَسْتَجِيْبُوْا : وہ قبول نہ کریں لَكَ : تمہارے لیے (تمہاری بات) فَاعْلَمْ : تو جان لو اَنَّمَا : کہ صرف يَتَّبِعُوْنَ : وہ پیروی کرتے ہیں اَهْوَآءَهُمْ : اپنی خواہشات وَمَنْ : اور کون اَضَلُّ : زیادہ گمراہ مِمَّنِ اتَّبَعَ : اس سے جس نے پیروی کی هَوٰىهُ : اپنی خواہش بِغَيْرِ هُدًى : ہدایت کے بغیر مِّنَ اللّٰهِ : اللہ سے (منجانب اللہ) اِنَّ اللّٰهَ : بیشک اللہ لَا يَهْدِي : ہدایت نہیں دیتا الْقَوْمَ الظّٰلِمِيْنَ : ظالم لوگّ (جمع)
پھر اگر یہ لوگ آپ کے فرمانے کے مطابق نہ کرسکیں تو آپ یقین جانیے کہ یہ کفار مکہ صرف اپنی نفسانی خواہشات پر چلتے ہیں اور اس سے بڑھ کر کون گمراہ ہوسکتا ہے جو خدا کی جانب سے کسی رہنمائی اور دلیل کے بغیر اپنی نفسانی خواہش پر چلے ، بیشک اللہ تعالیٰ ایسے ظالموں کی رہنمائی نہیں کرتا
50۔ پھر اگر یہ آپ کا کہا نہ کرسکیں اور آپ کے فرمانے کے مطابق کوئی کتاب حق دکھانے والی ایسی نہ لاسکیں جو توریت و قرآن کریم سے زیادہ راہ حق دکھانے والی ہو تو آپ یقین جانئے کہ یہ کفار مکہ صرف اپنی نفسانی خواہشات پر چلتے ہیں اور اس سے بڑھ کر کون گم کردہ راہ گمراہ ہوسکتا ہے جو اللہ تعالیٰ کی جانب سے بغیر کسی رہنمائی اور بدون کسی دلیل کے محض اپنی نفسانی خواہش اور دل کی چائو پر چلے بلا شبہ اللہ تعالیٰ ایسے نا انصافوں اور ظالم لوگوں کی رہنمائی نہیں کیا کرتا ۔ یعنی دلائل اور براہین سے حق واضح ہوجانے کے بعد بھی حق کو قبول نہ کریں اور نفس کے ابھارنے سے انکار ہی کرتے چلے جائیں اور حق کے مقابلے میں ڈٹ جائیں اور واقعی اس شخص سے بڑھ کر اور کون گمراہ ہوسکتا ہے جس کے پاس کوئی آسمانی ہدایت نہ ہو اور وہ صرف اپنے نفس کی خواہش پر چلے تو ایسے ظالموں کی ہدایت اور رہنمائی کی اللہ تعالیٰ پر کوئی ذمہ دار نہیں ۔
Top