Kashf-ur-Rahman - Al-A'raaf : 145
وَ كَتَبْنَا لَهٗ فِی الْاَلْوَاحِ مِنْ كُلِّ شَیْءٍ مَّوْعِظَةً وَّ تَفْصِیْلًا لِّكُلِّ شَیْءٍ١ۚ فَخُذْهَا بِقُوَّةٍ وَّ اْمُرْ قَوْمَكَ یَاْخُذُوْا بِاَحْسَنِهَا١ؕ سَاُورِیْكُمْ دَارَ الْفٰسِقِیْنَ
وَكَتَبْنَا : اور ہم نے لکھدی لَهٗ : اس کے لیے فِي : میں الْاَلْوَاحِ : تختیاں مِنْ : سے كُلِّ شَيْءٍ : ہر چیز مَّوْعِظَةً : نصیحت وَّتَفْصِيْلًا : اور تفصیل لِّكُلِّ شَيْءٍ : ہر چیز کی فَخُذْهَا : پس تو اسے پکڑ لے بِقُوَّةٍ : قوت سے وَّاْمُرْ : اور حکم دے قَوْمَكَ : اپنی قوم يَاْخُذُوْا : وہ پکڑیں (اختیار کریں) بِاَحْسَنِهَا : اس کی اچھی باتیں سَاُورِيْكُمْ : عنقریب میں تمہیں دکھاؤں گا دَارَ الْفٰسِقِيْنَ : نافرمانوں کا گھر
اس کے بعد ہم نے چند تختیوں پر ہر قسم کی نصیحت اور ضروری شئے کی تفصیل موسیٰ (علیہ السلام) کو لکھ دی اے موسیٰ (علیہ السلام) ان تختیوں یعنی توریت کو پورے عزم کے ساتھ سنبھال اور اپنی قوم کو حکم دے اس کے بہترین احکام پر قائم رہیں میں عنقریب تم کو نافرمانی کرنے والوں کا گھر دکھائوں گا۔
145 پھر ہم نے چند تختیوں پر موسیٰ (علیہ السلام) کو ہر قسم کی نصیحت اور ہر ضروری چیز کی تفصیل لکھ دی اور موسیٰ (علیہ السلام) سے کہا اے موسیٰ (علیہ السلام) ان تختیوں کو سنبھال اور پورے عزم اور پوری قوت کے ساتھ خود بھی اس پر عمل کر اور اپنی قوم کو بھی حکم دے کہ وہ اس کے احکام پر جو بہترین ہیں عمل کرتے رہیں اور اس کے بہترین احکام کو پکڑے رہیں میں عنقریب تم کو نافرمانی اور بےحکمی کرنے والوں کا گھر دکھائوں گا۔ یعنی ان تختیوں پر کتاب تورات لکھی ہوئی تھی جو موسیٰ (علیہ السلام) کو دی گئی اور حکم ہوا کہ اس پر مضبوطی کے ساتھ عمل کرو اور دوسروں سے اس کی اچھی اور بہترین باتوں پر عمل کرائو۔ نافرمانوں کے گھر دکھلانے کا مطلب یہ ہے کہ آخرت میں جہنم اور دنیا میں ذلت و رسوائی۔ حضرت شاہ صاحب (رح) فرماتے ہیں اس کی بہتر باتیں یعنی جن کے کرنے کا حکم ہے اور بری باتیں جنکے نہ کرنے کا حکم ہے اور دکھائوں گا گھر بےحکموں کا یعنی اگر تم حکم پر نہ چلو گے تو تم کو اسی طرح ذلیل کریں گے جس طرح شام کا ملک ان سے چھین کر تم کو دیا۔ 12 اس آیت میں ترغیب بھی ہے اور ترہیب بھی مطلب یہ ہے کہ اگر تم نے فرمانبرداری کی تو تم کو مصر و شام کی حکومت ملے گی اور نافرمانودں کے ملک پر قابض ہوجائوگے اور اگر بےحکمی کروگے تو حکومت سے محروم کردیئے جائو گے اور بےحکموں کی طرح ذلیل و رسوا ہوگے۔
Top