Kashf-ur-Rahman - Nooh : 27
اِنَّكَ اِنْ تَذَرْهُمْ یُضِلُّوْا عِبَادَكَ وَ لَا یَلِدُوْۤا اِلَّا فَاجِرًا كَفَّارًا
اِنَّكَ : بیشک تو اِنْ : اگر تَذَرْهُمْ : تو چھوڑ دے گا ان کو يُضِلُّوْا : وہ بھٹکا دیں گے عِبَادَكَ : تیرے بندوں کو وَلَا يَلِدُوْٓا : اور نہ وہ جنم دیں گے اِلَّا فَاجِرًا : مگر فاجروں کو۔ نافرمانوں کو كَفَّارًا : سخت کافروں کو
کیونکہ اگر آپ ان کو چھوڑدیں گے تو یہ آپ کے بندوں کو گمراہ کردیں گے اور ان کے ہاں جو اولاد بھی ہوگی وہ محض بدکار اور ناسپاسی ہی ہوگی۔
(27) کیونکہ اگر آپ ان کو چھوڑ دیں گے تو یہ آپ کے بندوں کو گمراہ کریں گے اور راستے سے بھٹکائیں گے اور ان کے ہاں جو اولاد بھی ہوگی وہ محض بدکار اور ناسپاس ہوگی۔ دیار کو جن حضرات نے دور سے مشتق مانا ہے انہوں نے گردش اور چلنے پھرنے والے کے معنی کئے ہیں اور جنہوں نے دار سے مشتق مانا ہے انہوں نے بسنے والے اور باشندے کے معنی کئے ہیں۔ بہرحال : مطلب یہ ہے کہ کافروں میں سے کسی متنفس کو باقی نہ چھوڑا اور زمین پر کوئی کفر کرنے والاباقی نہ رہے یہ دعا عموم ہلاکت کے لئے تھی ۔ بارہویں پارے میں عموم بعثت اور عموم ہلاکت کی کچھ بحث گزر چکی ہے ، بہرحال مفسرین کے مختلف اقوال ہیں ان کا گمراہ کرنا دوسروں کو تو ظاہر ہی ہے ہزار برس تک ان کا یہی کام رہا خودگمراہ رہے اور دوسروں کو گمراہ کرتے رہے البتہ اولاد کا فاجرو کافر ہونا یا تو اس بنا پر ہے کہ کفر اور ناسپاسی ان کے خون میں رچ گئی ہے اس لئے ان کے نطفے سے بھی خیر کی امید نہیں رہی یا اس بنا پر کہ بچہ کو ہوتے ہی یہ لوگ بت پرستی کی تعلیم دیتے ہیں اور اسلام دشمنی سکھاتے ہیں اور مجھ کو دکھادکھا کرلے جاتے ہیں کہ یہ نوح (علیہ السلام) ہماری قوم کا دشمن ہے تم بڑے ہوکر اس کی بات نہ ماننا اور اس کے کہنے سے بت پرستی نہ چھوڑنا جب یہ گود کے بچوں کو بھی یہی سکھاتے ہیں جیسا کہ میں ان کو کئی پشتوں سے دیکھ رہا ہوں تو مجھے کیا اعتبار ہوسکتا ہے کہ ان کی اولاد مومن اور مسلمان ہوگی اس لئے ان کو سب کو ہی فنا کردے اور یہ بات اہل دانش سے پوشیدہ ہیں ہے کہ جس طرح غذا کا اثر خون پر ہوتا ہے اسی طرح اعمال سیئہ کا اثر بھی خون اور نطفے پر ہوتا ہے۔ الولد سرلا بیہ، عاقبت گرگ زادہ گرگ شود اگرچہ قاعدہ کلیہ نہ سہی لیکن اس کے عموم سے انکار بھی نہیں ہوسکتا۔ بہرحال ہم نے تطویل کی وجہ سے اس بحث کو چھوڑ دیا ہے آگے دعا ہے مومنین کے لئے اور آخر میں پھر بددعا ہے کفار کی ہلاکت کی۔
Top