Maarif-ul-Quran - Al-Ghaashiya : 11
لَّا تَسْمَعُ فِیْهَا لَاغِیَةًؕ
لَّا تَسْمَعُ : نہ سنیں گے فِيْهَا : اس میں لَاغِيَةً : بیہودہ بکواس
نہیں سنتے اس میں بکواس
لاتسمع فیھا لاغیة، یعنی جنت میں کوئی ایسا کلام ایسی بات اہل جنت کے کان میں نہ پڑیگی جو لغو و بیہودہ اور دلخراش ہو۔ اس میں کلمات کفر یہ باطلہ بھی آگئے اور گالی گلوچ، افتراء و بہتوان الزام لگانا اور ایسے سب کلام آگئے جن کو سن کر انسان کو ایذا پہنچتی ہے۔ دوسری جگہ قرآن کریم نے اسی کو اس طرح بیان فرمایا ہے کہ لایسمعون فیھا لغواً ولا تاثیماً یعنی اہل جنت جنت میں کوئی لغوبات یا الزام لگانے کی بات نہ سنیں گے۔ اس کے علاوہ بھی کئی جگہ یہ مضمون قرآن کریم میں مذکور ہے۔
اس سے معلوم ہوا کہ الزام تراشی اور بےتکی بےڈھنگی باتیں بڑی ایذا کی چیز ہے اسی لئے قرآن کریم نے اہل جنت کے حالات میں اہتمام سے اس کو بیان فرمایا کہ اہل جنت کے کانوں میں کبھی کوئی ایسا کلمہ نہیں پڑیگا جس سے ان کا دل برا اور میلا ہو۔
Top