Tafseer-e-Madani - Hud : 26
اَنْ لَّا تَعْبُدُوْۤا اِلَّا اللّٰهَ١ؕ اِنِّیْۤ اَخَافُ عَلَیْكُمْ عَذَابَ یَوْمٍ اَلِیْمٍ
اَنْ : کہ لَّا تَعْبُدُوْٓا : نہ پرستش کرو تم اِلَّا : سوائے اللّٰهَ : اللہ اِنِّىْٓ اَخَافُ : بیشک میں ڈرتا ہوں عَلَيْكُمْ : تم پر عَذَابَ : عذاب يَوْمٍ اَلِيْمٍ : دکھ دینے والا دن
کہ تم لوگ بندگی مت کرو مگر صرف ایک اللہ کی مجھے سخت اندیشہ ہے تمہارے بارے میں ایک بڑے ہی دردناک دن کے عذاب کا،
64 ۔ معبود برحق صرف ایک اللہ : سو ارشاد فرمایا گیا کہ حضرت نوح (علیہ السلام) نے اپنی قوم سے کہا کہ تم لوگ عبادت و بندگی نہیں کرو مگر صرف اللہ کی کہ معبود برحق وہی وحدہ لاشریک ہے۔ سو یہ ہر پیغمبر کی اصل اولین اور سب سے اہم دعوت رہی ہے کہ عبادت اللہ کے سوا کسی کی نہ کرو کہ اس وحدہ لاشریک کے سوا کوئی معبود حقیقت میں ہے ہی نہیں۔ اور یہی عقیدہ توحید دین کی اصل اور اساس ہے۔ اس لئے ہر پیغمبر نے اپنی دعوت کا آغاز اسی نقطہ سے کیا۔ سو معبود برحق صرف ایک اللہ وحدہ لاشریک کے سوا کوئی ہے ہی نہیں۔ ہر قسم کی عبادت و بندگی اسی وحدہ لاشریک کا حق اور اسی کا اختصاص ہے۔ سبحانہ وتعالیٰ اس کے سوا کوئی ہے ہی نہیں۔ ہر قسم کی عبادت و بندگی اسی وحدہ لاشریک کا حق اور اسی کا اختصاص ہے۔ سبحانہ وتعالیٰ ۔ اس کے سوا اور کسی کے لیے بھی عبادت و بندگی کی کوئی بھی قسم کسی بھی شکل میں بجا لانا شرک ہوگا جو کہ قرآن حکیم کی صریح نص کے مطابق ظلم عظیم ہے۔ والعیاذ باللہ العظیم۔ 65 ۔ کفر و شرک کا نتیجہ دردناک عذاب : سو ارشاد فرمایا گیا کہ حضرت نوح (علیہ السلام) نے اپنی قوم سے مزید کہا کہ مجھے تم لوگوں کے بارے میں ایک بڑے ہی دردناک دن کے عذاب کا سخت اندیشہ ہے۔ اگر تم لوگ کفر و شرک کے اس سنگین جرم سے باز نہ آئے کہ کفر و شرک کے اس سنگین جرم کا نتیجہ و انجام ایسا دردناک عذاب ہے اور اس طور پر کہ پھر اس سے بچنے اور نکل بھاگنے کی کوئی صورت ممکن نہ ہوگی۔ سو یہ حضرات انبیائے کرام کا دنیا پر ایک عظیم الشان احسان ہے کہ وہ دنیا کو اس عذاب سے خبردار کرتے ہیں جس کے جاننے کا اور کوئی ذریعہ ممکن ہی نہیں۔ اور یہ دردناک عذاب جو کفر و شرک کے نتیجے میں آتا ہے۔ والعیاذ باللہ۔ اور جس سے حضرت نوح (علیہ السلام) نے اپنی قوم کو خبردار کیا اس دنیا میں بھی کسی نہ کسی شکل میں آسکتا ہے ورنہ آخرت میں تو لازمی ہے۔ اور آخرت کا عذاب بہت ہی بڑا ہے۔ (ولعذاب الاخرۃ اکبر) اور وہ بڑا ہی رسوا کن ہوتا ہے جیسا کہ فرمایا گیا (ولعذب الاخرۃ اخزی) سو عقل و نقل دونوں کا تقاضا ہے کہ ہمیشہ اس سے بچنے کی فکر و کوشش کی جائے کہ کفر و شرک کا نتیجہ و انجام بہرحال دردناک عذاب ہے۔
Top