Tafseer-e-Madani - Ar-Ra'd : 32
وَ لَقَدِ اسْتُهْزِئَ بِرُسُلٍ مِّنْ قَبْلِكَ فَاَمْلَیْتُ لِلَّذِیْنَ كَفَرُوْا ثُمَّ اَخَذْتُهُمْ١۫ فَكَیْفَ كَانَ عِقَابِ
وَلَقَدِ : اور البتہ اسْتُهْزِئَ : مذاق اڑایا گیا بِرُسُلٍ : رسولوں کا مِّنْ قَبْلِكَ : تم سے پہلے فَاَمْلَيْتُ : تو میں نے ڈھیل دی لِلَّذِيْنَ كَفَرُوْا : جنہوں نے کفر کیا (کافر) ثُمَّ : پھر اَخَذْتُهُمْ : میں نے ان کی پکڑ کی فَكَيْفَ : سو کیسا كَانَ : تھا عِقَابِ : میرا بدلہ
اور بلاشبہ آپ سے پہلے بھی بہت سے رسولوں کا مذاق اڑایا جا چکا ہے، مگر میں نے کافروں کو پھر بھی ڈھیل ہی دی، پھر آخرکار میں نے ان کو پکڑا (ان کے اپنے کئے پر) سو (دیکھ لو) کیسا تھا میرا عذاب ؟
78۔ پیغمبر کے لئے تسکین وتسلیہ کا سامان اور منکرین کے لئے تہدید ووعید : سو اس آیت کریمہ میں ایک طرف تو پیغمبر کے لئے تسکین وتسلیہ کا بیان ہے کہ آج جو منکرین و مکذبین کی طرف سے آپ کا انکار کیا اور مذاق اڑایا جارہا ہے تو یہ کوئی نئی اور انوکھی بات نہیں، بلکہ آپ سے پہلے آنے والے رسولوں کو بھی اسی طرح جھٹلایا گیا اور ان کا مزاق اڑایا گیا، سو یہ ایسے ہی ہے جیسا کہ دوسرے مقام پر ارشاد فرمایا گیا مایقال لک الا ماقد قیل للرسل من قبلک یعنی آپ کو بھی وہی کچھ کہا جارہا ہے جو کہ آپ سے پہلے رسولوں سے کہا گیا، مطلب یہ ہے کے اس سے پہلے کہ انبیاء ورسل سے بھی یہی کچھ ہوتا آیا ہے، پس آپ بھی اسی طرح صبر و برداشت سے کام لیں جس طرح کہ ان سب نے لیا اور دوسری طرف اس میں کافروں کے لیے تہدید ووعید ہے کہ تم لوگوں کو انکار و تکذیب حق کے اس جرم پر مل رہی ہے اس سے تمہیں غلط فہمی میں مبتلا نہیں ہونا چاہئے دھوکے میں نہیں پڑنا چاہئے کہ اللہ تعالیٰ اپنی رحمت و عنایت اور اپنی شان کریمی ورحیمی کی بنا پر ایسے منکروں کو ڈھیل تو دیتا ہے لیکن آخر کار وہ ان کو پکڑ لیتا ہے، اور جب پکڑتا ہے تو اس کی پکڑ بڑی ہی سخت ہوتی ہے، چناچہ گزشتہ دور کے کفار و منکرین کی تاریخ اس کی شاہد عدل ہے، پس تم لوگوں کو تاریخ کے اس درس سے سبق لینا اور عبرت پکڑنی چاہئے اور اپنی روش کفر و شرک اور انکار و تکذیب سے باز آنا چاہئے، ورنہ تمہارا انجام بھی وہی ہوگا جو گزشتہ دور کے کفار و منکرین کے جرم کفر و تکذیب کا ہوچکا کہ اللہ کا قانون بےلاگ اور سب کے لیے یکساں ہے اور کفر وانکار اور تکذیب حق کا نتیجہ وانجام بہرحال بڑا سنگین ہے۔ والعیاذ باللہ جل وعلا بکل حال من الاحوال۔
Top