Tafseer-e-Madani - Al-Baqara : 148
وَ لِكُلٍّ وِّجْهَةٌ هُوَ مُوَلِّیْهَا فَاسْتَبِقُوا الْخَیْرٰتِ١ؐؕ اَیْنَ مَا تَكُوْنُوْا یَاْتِ بِكُمُ اللّٰهُ جَمِیْعًا١ؕ اِنَّ اللّٰهَ عَلٰى كُلِّ شَیْءٍ قَدِیْرٌ
وَلِكُلٍّ : اور ہر ایک کے لیے وِّجْهَةٌ : ایک سمت ھُوَ : وہ مُوَلِّيْهَا : اس طرف رخ کرتا ہے فَاسْتَبِقُوا : پس تم سبقت لے جاؤ الْخَيْرٰتِ : نیکیاں اَيْنَ مَا : جہاں کہیں تَكُوْنُوْا : تم ہوگے يَاْتِ بِكُمُ : لے آئے گا تمہیں اللّٰهُ : اللہ جَمِيْعًا : اکٹھا اِنَّ اللّٰهَ : بیشک اللہ عَلٰي : پر كُلِّ : ہر شَيْءٍ : چیز قَدِيْر : قدرت رکھنے والا
اور ہر کسی کیلئے ایک جہت رہی ہے، جدھر وہ اپنا منہ موڑتا ہے، پس تم لوگ (فضول بحثوں میں پڑنے کی بجائے) نیکیوں میں آگے بڑھنے کی کوشش کرو، اور جہاں کہیں بھی تم ہوؤ گے اللہ تم سب کو لے آئے گا اکٹھا کر کے (اپنی قدرت کاملہ سے) بیشک اللہ ہر چیز پر پوری قدرت رکھتا ہے،6 
405 نیکیوں میں آگے بڑھنے کی ہدایت : کہ اصل مقصد یہی ہے کہ دنیا کی اس کھیتی سے کسب آخرت کا سامان کیا جائے، اور جتنا ہوسکے کیا جائے۔ وباللہ التوفیق ۔ لہذا اس مقصد کو بھول کر تم لوگ فضول باتوں میں اپنا وقت ضائع مت کرو، بلکہ نیکیوں میں ایک دوسرے سے آگے نکلنے کی فکرو کوشش کرو، کیونکہ فضول باتوں اور بیکار بحثوں میں الجھ کر اپنی متاع وقت کو ضائع کرنا بہت بڑا خسارہ ہے۔ ایسا بڑا کہ پھر اس کی تلافی بھی ممکن نہیں۔ کیونکہ متاع وقت کی جو دولت ہاتھ سے نکل گئی، وہ پھر کسی بھی قیمت پر دوبارہ نہیں مل سکتی۔ سو اس کا ضیاع بہت بڑا خسارہ ہے ۔ والْعِیَاذ باللّٰہ الْعَظِیْم ۔ سو منکرین و معاندین اگر حق کو ماننے اور قبول کرنے کیلئے تیار نہیں، تو تم اس سے منہ موڑ کر نیکیوں اور بھلائیوں میں آگے نکلنے کی کوشش کرو ۔ وباللہ التوفیق ۔ اور ایسے ضدی اور ہٹ دھرم عناصر کے پیچھے لگ کر اپنا وقت ضائع مت کرو ۔ وباللہ التوفیق لما یحب ویرید ۔ 406 اللہ تعالیٰ قادر مطلق ہے : پس اس قادر مطلق کیلئے ایسا کرنا کچھ مشکل نہیں، کہ تم سب کو سزا و جزا کیلئے اکٹھا کرلائے، اور اس کے لئے اس کو کوئی تیاری کرنے کی بھی ضرورت نہیں ہوگی، بلکہ محض اس کے ارادہ اور حکم کی دیر ہوگی۔ جونہی وہ حکم دے گا سب کے سب اس کے سامنے آموجود ہوں گے، جیسا کہ دوسری جگہ ارشاد فرمایا گیا { فِاِنَّمََا ہِیَ زَجْرَ ۃٌ وَّاحِدَۃٌ، فَاِذَا ہُُمْ بالسَّاہِرََۃٌ } ۔ (النازعات : 13- 14) ۔ سو اس طرح وہ قادر مطلق تم سب کو اکٹھا کرکے لائے گا اور وہاں تم نے اپنے زندگی بھر کے کیے کرائے کا حساب دینا اور اس کا صلہ و بدلہ پانا ہے، اب تم دیکھ لو کہ وہاں کیلئے کیا سامان لیکر جارہے ہو ؟ پس اصل فکر و کوشش وہیں کے لیے کرنی چاہئے ۔ وباللہ التوفیق لما یحب ویرید وعلی ما یحب ویرید -
Top