Tafseer-e-Madani - Al-Anbiyaa : 6
مَاۤ اٰمَنَتْ قَبْلَهُمْ مِّنْ قَرْیَةٍ اَهْلَكْنٰهَا١ۚ اَفَهُمْ یُؤْمِنُوْنَ
مَآ اٰمَنَتْ : نہ ایمان لائی قَبْلَهُمْ : ان سے قبل مِّنْ قَرْيَةٍ : کوئی بستی اَهْلَكْنٰهَا : ہم نے اسے ہلاک کیا اَفَهُمْ : اور کیا وہ (یہ) يُؤْمِنُوْنَ : ایمان لائیں گے
حالانکہ ان سے پہلے کوئی بھی ایسی بستی جسے ہم نے ہلاک کیا ہو ایمان نہ لائی تھی تو کیا اب یہ لوگ ایمان لے آئیں گے ؟
9 فرمائشی معجزوں کی طلب ہلاکت و تباہی کی راہ ۔ والعیاذ باللہ : کیونکہ فرمائشی معجزوں کے ظہور پر نہ ماننے والوں کیلئے ہلاکت و تباہی مقدر ہوتی ہے ۔ والعیاذ باللہ ۔ جیسا کہ پہلی قوموں کے ساتھ ہوچکا ہے۔ ان فرمائشی معجزوں کے دیکھنے کے باوجود جن کا مطالبہ انہوں نے کیا تھا وہ لوگ ایمان نہیں لائے۔ جس سے ان کو ہلاک کردیا گیا۔ سو اس طرح آج کے ان کفار کو ان کی فرمائشوں کے مطابق معجزات نہ دکھانا خود ان کے لئے بہتر اور باعث رحمت ہے۔ ورنہ یہ بھی اسی انجام سے دوچار ہوجاتے جس سے وہ لوگ اس سے قبل دوچار ہوچکے ہیں ۔ والعیاذ باللہ العظیم ۔ سو فرمائشی معجزوں کے ظہور کے بعد جن لوگوں نے نہیں مانا ان کو ہلاک اور نیست و نابود کردیا گیا۔ پہلی قوموں کے ساتھ قدرت کا یہی معاملہ اور دستور رہا۔ اسی لیے فرمائشی معجزوں کے مطالبات کرنی والوں کو اس سے سبق لینا چاہیے۔
Top