Tafseer-e-Madani - An-Nahl : 4
كُتِبَ عَلَیْهِ اَنَّهٗ مَنْ تَوَلَّاهُ فَاَنَّهٗ یُضِلُّهٗ وَ یَهْدِیْهِ اِلٰى عَذَابِ السَّعِیْرِ
كُتِبَ عَلَيْهِ : اس پر (اس کی نسبت) لکھ دیا گیا اَنَّهٗ : کہ وہ مَنْ تَوَلَّاهُ : جو دوستی کریگا اس سے فَاَنَّهٗ : تو وہ بیشک يُضِلُّهٗ : اسے گمراہ کرے گا وَيَهْدِيْهِ : اور راہ دکھائے گا اسے اِلٰى : طرف عَذَابِ : عذاب السَّعِيْرِ : دوزخ
جس کے بارے میں یہ لکھ اور طے کردیا گیا ہے کہ جس نے اس کو دوست بنایا تو وہ تباہ ہوگیا کہ یقینا وہ اس کو گمراہ کر کے چھوڑے گا اور وہ اس کو ڈال دے گا دوزخ کی دہکتی بھڑکتی آگ کے عذاب کی راہ پر
8 شیاطین کی ڈیوٹی اضلال و افساد : سو ارشاد فرمایا گیا کہ " ایسا شخص پیروی کرتا ہے اس شیطان سرکش کی " جس کے بارے میں لکھ دیا گیا ہے کہ جو بھی اس سے دوستی رکھے گا وہ اس کو گمراہ کر دے گا اور اس کو دوزخ کی راہ پر ڈال دے گا۔ یعنی قضائے الہٰی میں کہ جو بھی کوئی اس شیطٰنِ سرکش کے پیچھے چلے گا وہ اس کو راہ حق و ہدایت سے بہکا اور بھٹکا کر دوزخ کی راہ پر ڈال دے گا۔ مگر یہ لوگ ہیں کہ پھر بھی اس کے پیچھے چلے جارہے ہیں۔ (ابن کثیر، محاسن التاویل، صفوۃ وغیرہ) ۔ سو ایسے سرکش شیطانوں کی پیروی کرنا اور ان کے پیچھے چلنا ابدی ہلاکت اور دوزخ کی راہ پر چلنا ہے۔ کیونکہ شیطان نے بنی آدم کو گمراہ کرنے کے لیے اللہ تعالیٰ سے مہلت مانگی تھی کہ اس کو اس کام کے لیے قیامت تک مہلت دی جائے جو اس کو دے دی گئی تھی۔ اور اللہ تعالیٰ نے اس سے فرمایا تھا کہ جو تجھے اپنا مددگار اور راہنما بنائیں گے اور تیرے پیچھے چلیں گے۔ میں ان کو اور تم سب کو جہنم میں جھونک دوں گا۔ سو اسی حقیقت کو یہاں پر { کتب علیہ } کے الفاظ سے تعبیر فرمایا گیا جس سے واضح فرمایا دیا گیا کہ شیطان کی ڈیوٹی اور اس کا کام ہی دوسروں کو گمراہ کرنا ہے ۔ والعیاذ باللہ العظیم ۔ اللہ ہمیشہ اپنی حفاظت اور پناہ میں رکھے ۔ آمین۔ 9 شیطان کی دوستی کا انجام دوزخ ۔ والعیاذ باللہ : سو اس سے واضح فرما دیا گیا کہ شیطان کی دوستی و پیروی کا انجام دوزخ کی دہکتی بھڑکتی آگ ہے ۔ والعیاذ باللہ ۔ سو اس سے واضح فرما دیا گیا کہ شیطان اپنے پیروکاروں کو گمراہ کرکے اور دوزخ کی راہ پر ڈال کر چھوڑے گا۔ طرح طرح کے وسوسوں اور شکوک و شبہات کے ذریعے۔ خواہ وہ شیطان انسانوں میں سے ہو یا جنوں میں سے۔ (تفسیر کبیر وغیرہ) ۔ سو انسان کو چاہیئے کہ وہ ہمیشہ دیکھے اور غور کرے کہ وہ کس کی پیروی کرتا اور کس کے نقش قدم پر چل رہا ہے۔ اور بچنے کی کوشش کرے شیطان کی دوستی اور اس کی پیروی سے۔ کیونکہ جس نے اس سے دوستی رکھی اور اس کی پیروی کی ۔ والعیاذ باللہ ۔ وہ اس کو گمراہ کر کے اور دوزخ میں پہنچا کر چھوڑے گا ۔ والعیاذ باللہ العظیم -
Top