Tafseer-e-Madani - Al-Muminoon : 59
وَ الَّذِیْنَ هُمْ بِرَبِّهِمْ لَا یُشْرِكُوْنَۙ
وَالَّذِيْنَ : اور جو لوگ هُمْ : وہ بِرَبِّهِمْ : اپنے رب کے ساتھ لَا يُشْرِكُوْنَ : شریک نہیں کرتے
جو اپنے رب کے ساتھ کسی طرح کا شرک نہیں کرتے،
76 خوف و خشیت خداوندی ایک اہم اور بنیادی صفت : سو اس سے کامیاب ہونے والوں کی بعض ان اہم صفات کا ذکر فرمایا گیا ہے جو انسان کو دارین کی سعادت و سرخروئی سے ہمکنار و سرشار کرتی ہیں۔ سو کامیاب لوگوں کے بارے میں ارشاد فرمایا گیا کہ " وہ اپنے رب سے ڈرتے رہتے ہیں اس کی آیتوں پر ایمان رکھتے ہیں اور وہ اپنے رب کے ساتھ شرک نہیں کرتے "۔ خواہ وہ شرک جلی ہو یا خفی۔ وہ ہر ایک سے بچتے ہیں۔ کیونکہ وہ جانتے ہیں کہ شرک سب سے بڑا اور نہایت ہولناک گناہ ہے۔ یہ بغاوت کے زمرے میں آتا ہے اور یہ ظلم عظیم ہے ۔ والعیاذ باللہ العظیم ۔ سو انسان کی عزت و عظمت اس کے اخلاق و کردار سے ہے اور عمدہ اور پاکیزہ صفات وہی ہوسکتی ہیں جن کی تعلیم و تلقین حق جل مجدہ اور اس کے رسول اکرم ﷺ نے فرمائی ہو۔ ان میں جتنا آگے بڑھے گا اتنا ہی وہ بلند مرتبہ پائے گا ۔ اللہ نصیب فرمائے اور ایسا کہ جو اس کی رضا و خوشنودی سے سرفراز کرنے والا ہو ۔ وہو العزیز الوہاب سبحانہ وتعالیٰ -
Top