Tafseer-e-Madani - Al-Muminoon : 87
سَیَقُوْلُوْنَ لِلّٰهِ١ؕ قُلْ اَفَلَا تَتَّقُوْنَ
سَيَقُوْلُوْنَ : جلد (ضرو) وہ کہیں گے لِلّٰهِ : اللہ کا قُلْ : فرما دیں اَفَلَا تَتَّقُوْنَ : کیا پس تم نہیں ڈرتے
تو اس کے جواب میں بھی انہوں نے ضرور یہی کہنا ہے کہ یہ سب کچھ اللہ ہی کے لیے ہے، کہو کہ کیا پھر بھی تم لوگ ڈرتے نہیں ہو ؟
105 مشرکوں کے دل و دماغ پر ایک دستک : سو ارشاد فرمایا گیا کہ ان سے پوچھو کہ کون ہے رب ساتوں آسمانوں کا ؟ اور کون ہے رب عرش عظیم کا ؟ تو اس کے جواب میں بھی انہوں نے ضرور یہی کہنا ہے کہ یہ سب کچھ اللہ ہی کے لیے ہے۔ تو ان سے کہو کہ کیا پھر بھی تم لوگ ڈرتے نہیں نو ؟ سو اس ارشاد میں خدا سے ڈرنے اور اس کے عذاب سے بچنے کی دعوت وتحریک ہے۔ بہرکیف اس سے ان کے قلب و ضمیر پر دستک دیتے ہوئے اور ان کو جھنجھوڑتے ہوئے ان سے فرمایا گیا کہ " کیا تم لوگ پھر بھی ڈرتے نہیں ؟ "۔ اپنے اس خالق ومالک کے عذاب اور اس کی گرفت و پکڑ سے کہ اس کی کائنات میں رہتے بستے اور اس کی نعمتوں پر پلتے بڑھتے ہو اور پھر بھی اس کی بغاوت اور کفر و شرک کا ارتکاب کرتے ہو ؟۔ والعیاذ باللہ ۔ کہ جب تم مانتے ہو کہ ساتوں آسمانوں اور عرش عظیم کا رب اور مالک اللہ ہی ہے تو پھر تم دوسروں کو اسکا شریک کیوں ٹھہراتے ہو ؟ اور اس طرح شرک کے جرم عظیم کا ارتکاب کرتے ہو۔ سو اس ارشاد میں خداوند قدوس کی نافرمانی سے ڈرنے اور اس کی گرفت و پکڑ اور اس کے عذاب سے بچنے کے لیے دعوت ہے جو کہ انسان کے لیے دارین کی سعادت و سرخروئی سے سرفرازی و بہرہ مندی کا ذریعہ و وسیلہ ہے ۔ وباللہ التوفیق لما یحب ویرید وعلی ما یحب ویرید وہو الہادی الی سواء السبیل ۔ اللہ نفس و شیطان کے ہر مکر و فریب سے ہمیشہ محفوظ اور اپنی پناہ میں رکھے ۔ آمین۔
Top