Tafseer-e-Madani - Al-Maaida : 113
قَالُوْا نُرِیْدُ اَنْ نَّاْكُلَ مِنْهَا وَ تَطْمَئِنَّ قُلُوْبُنَا وَ نَعْلَمَ اَنْ قَدْ صَدَقْتَنَا وَ نَكُوْنَ عَلَیْهَا مِنَ الشّٰهِدِیْنَ
قَالُوْا : انہوں نے کہا نُرِيْدُ : ہم چاہتے ہیں اَنْ : کہ نَّاْكُلَ : ہم کھائیں مِنْهَا : اس سے وَتَطْمَئِنَّ : اور مطمئن ہوں قُلُوْبُنَا : ہمارے دل وَنَعْلَمَ : اور ہم جان لیں اَنْ : کہ قَدْ صَدَقْتَنَا : تم نے ہم سے سچ کہا وَنَكُوْنَ : اور ہم رہیں عَلَيْهَا : اس پر مِنَ : سے الشّٰهِدِيْنَ : گواہ (جمع)
انہوں نے کہا کہ ہم تو یہ چاہتے ہیں کہ ہم کھائیں اس میں سے اور مطمئن ہوجائیں، ہمارے دل اور ہم (مزید یقین ووثوق سے) جان لیں کہ آپ نے سچ کہا ہے ہم سے، اور ہم ہوجائیں اس پر گواہی دینے والوں میں سے1
301 خوان سماوی کی طلب کی وجوہ کا ذکر وبیان : سو خوان سماوی سے کھانے کی خواہش دراصل اس کی برکات کی بنا پر تھی۔ کیونکہ آسمان سے اترنے والا یہ خوان بطور خاص خیر و برکت کا ذریعہ ہوگا۔ اس سے ہمارے ایمان و یقین میں قوت پیدا ہوگی۔ باطنی شفا و صحت حاصل ہوگی۔ اور تیری عبادت واطاعت کے شوق و جذبہ میں اضافہ ہوگا۔ (صفوہ و معارف وغیرہ) ۔ نیز جب ہم ضرورت کے موقع پر اس خوان سے کھائیں گے تو اس کا شکر ادا کریں گے جس سے ہم اس کی رحمت و عنایت سے مزید سرفراز ہوں گے۔ نیز جب ہم اس کے نزول کو دیکھیں گے تو ہمارا ایمان اور پختہ ہوجائے گا اور ہمارے اطمینان میں اور اضافہ ہوگا کہ نظر و استدلال کے ساتھ مشاہدہ کا علم بھی شامل ہوجائے گا۔ سو خوان سماوی کے نزول کا یہ مطالبہ اس کی ان برکات کی بنا پر تھا۔ اور اسی کے پیش نظر ان بندگان صدق و صفا نے اس کے اتارے جانے کی یہ دعا و درخواست کی تھی۔ تاکہ وہ اس کی ان برکات سے فیضیاب ہو سکیں۔ 302 حق کے گواہ بننے کی خواہش و چاہت : سو ارشاد فرمایا گیا کہ انہوں نے مزید کہا کہ تاکہ ہم گواہی دینے والوں میں سے ہوجائیں۔ اللہ تعالیٰ کی قدرت و عنایت اور آپ کی نبوت و رسالت کے اور ان لوگوں کیلئے بھی گواہ بن سکیں جنہوں نے اس معجزے کو بچشم خود نہیں دیکھا ہوگا۔ اور اس طرح ہم حق کے گواہ بن کر دوسروں کیلئے بھی خیر و برکت کا ذریعہ بن جائیں گے کہ ہماری اس گواہی سے جو لوگ حق کے طالب اور ایمان کے متلاشی ہوں گے وہ نور حق اور متاع ایمان و یقین سے سرفراز ہوجائیں گے۔ اور جو نور ایمان و یقین سے سرفراز ہوں گے ان کی قوت ایمان و یقین میں اور اضافہ ہوگا۔ حضرت عیسیٰ کے حواریوں نے اپنے اس مطالبے کے فوائد سے متعلق ایک بات یہ بھی کہی کہ اس سے کھانے کی بنا پر ہمارے دلوں کو اطمینان کی دولت مل جائے کہ ظاہر ہے کہ جو کھانا اللہ رب العالمین کی طرف سے ملے اس سے بڑھ کر اچھا اور باعث اطمینان کھانا اور کونسا ہوسکتا ہے ؟۔ سو اس طرح ان حضرات نے حلال و طیب اور پاکیزہ و بابرکت روزی کی درخواست کی کہ اس سے اطمینان قلب کی دولت ملتی ہے ۔ اللہ نصیب فرمائے ۔ آمین ثم آمین یا رب العالمین۔
Top