Maarif-ul-Quran (En) - Al-A'raaf : 197
وَ الَّذِیْنَ تَدْعُوْنَ مِنْ دُوْنِهٖ لَا یَسْتَطِیْعُوْنَ نَصْرَكُمْ وَ لَاۤ اَنْفُسَهُمْ یَنْصُرُوْنَ
اس کے برعکس جن کو تم لوگ (پوجتے) پکارتے ہو، اس (وحدہ لا شریک) کے سوا، وہ نہ تمہاری کسی طرح کی کوئی مدد کرسکتے ہیں اور نہ ہی خود اپنی ہی کوئی مدد کرسکتے ہیں
276 اللہ کے سوا جن کو بھی پوجا و پکارا جاتا ہے وہ کوئی مدد نہیں کرسکتے : سو ارشاد فرمایا گیا کہ بیشک جن کو تم لوگ پوجتے پکارتے ہو اس وحدہ لا شریک کے سوا وہ تمہاری کسی بھی طرح کی کوئی مدد نہیں کرسکتے اور نہ ہی وہ خود اپنی ہی کوئی مدد کرسکتے ہیں کہ ان کے اندر اس کی اہلیت اور صلاحیت ہی نہیں کہ لکڑی پتھر کے بت تو سرے سے کچھ کرنے کے قابل ہیں ہی نہیں۔ وہ تو محض بےبس اور بےجان ہیں۔ مگر اللہ تعالیٰ کے نیک بندے بھی بغیر اسباب و وسائل کے اور مرنے کے بعد کچھ نہیں کرسکتے کہ خلاف اسباب اور مافوق الاسباب طریقے سے کسی کی مدد کرنا اللہ وحدہ لاشریک ہی کی شان اور اسی کا اختصاص ہے ۔ سبحانہ و تعالیٰ ۔ اس کے سوا کسی اور میں یہ صفت ماننا شرک ہوگا ۔ وَالْعِیَاذ باللّٰہِ جَلَّ وَ عَلَا ۔ اور اس وحدہٗ لاشریک مالک حقیقی کے سوا جن کو تم لوگ پوجتے پکارتے ہو اے مشرکو ! وہ نہ تمہاری کسی طرح کی مدد کرسکتے ہیں اور نہ وہ خود اپنی ہی کسی مدد کے قابل ہیں۔ اگر تم ان کو ہدایت کی طرف پکارو تو وہ تمہاری پکار نہیں سن سکتے۔ تو پھر ایسوں کو پوجنا پکارنا کتنی بڑی حماقت اور کس قدر ظلم ہے۔ ؟ ۔ والعیاذ باللہ العظیم من کل زیغ وضلال و سوء و انحراف -
Top