Tafseer-e-Madani - Al-A'raaf : 41
لَهُمْ مِّنْ جَهَنَّمَ مِهَادٌ وَّ مِنْ فَوْقِهِمْ غَوَاشٍ١ؕ وَ كَذٰلِكَ نَجْزِی الظّٰلِمِیْنَ
لَهُمْ : ان کے لیے مِّنْ جَهَنَّمَ : جہنم کا مِهَادٌ : بچھونا وَّ : اور مِنْ : سے فَوْقِهِمْ : ان کے اوپر غَوَاشٍ : اوڑھنا وَكَذٰلِكَ : اور اسی طرح نَجْزِي : ہم بدلہ دیتے ہیں الظّٰلِمِيْنَ : ظالم (جمع)
ان کے لئے آتش دوزخ کا بچھونا ہوگا، اور اوپر سے اسی کا اوڑھنا، اور اسی طرح ہم بدلہ دیتے ہیں ظالموں کو،
56 ظالموں کے لئے جہنم کا بچھونا اور اسی کا اوڑھنا ۔ وَالْعِیَاذ باللّٰہِ : سو ارشاد فرمایا گیا اور صاف وصریح طور پر ارشاد فرمایا گیا کہ ان کے لیے جہنم کا بچھونا ہوگا اور اوپر سے اسی کا اوڑھنا۔ اور ہم اسی طرح بدلہ دیتے ہیں ظالموں کو۔ سو ظلم کا بدلہ دوزخ کا ہولناک عذاب ہے ۔ والعیاذ باللہ ۔ تاکہ اس طرح عدل و انصاف کے تقاضے بھرپور طریقے سے پورے ہوں اور ہر کسی کو اس کے کئے کا پورا بدلہ ملے۔ اور آیات خداوندی کی تکذیب اور ان کے انکار کے سنگین جرم کی سنگینی کا تقاضا یہی ہے کہ ایسوں کو دوزخ کے ایسے ہولناک عذاب میں جھونکا جائے۔ بہرکیف ارشاد فرمایا گیا کہ ایسے ظالموں کے لئے بچھونا بھی جہنم کا ہوگا اور اوڑھنا بھی جہنم کا۔ یعنی ان کے نیچے بھی دوزخ کی آگ ہوگی اور اوپر بھی دوزخ کی آگ ہوگی ۔ والعیاذ باللہ العظیم ۔ سو جن کفار و مشرکین اور باطل پرستوں کا انجام یہ ہونے والا ہے، ان کو اگر دنیا کی اس عارضی اور فانی زندگی میں دنیا بھر کی دولت بھی مل جائے اور ان کی اگر ساری عمر بھی کرسی اقتدار پر گزر جائے تو بھی ان کو کیا ملا ؟ اور ان سے بڑھ کر بدبخت اور کون ہوسکتا ہے کہ ان کا انجام یہ ہونے والا ہے ۔ والعیاذ باللہ العظیم ۔ سو اصل دولت ایمان و یقین کی دولت ہے ۔ اَللّٰھُمَّ زِدْنا مِنْہُ وَثَبِّتْنَا عَلَیْہِ ۔ اللہ تعالیٰ کفر وانکار کے ہر شائبہ سے محفوظ اور ہمیشہ راہ حق پر گامزن رکھے ۔ آمین ثم آمین۔
Top