Tafseer-e-Madani - Al-A'raaf : 94
وَ مَاۤ اَرْسَلْنَا فِیْ قَرْیَةٍ مِّنْ نَّبِیٍّ اِلَّاۤ اَخَذْنَاۤ اَهْلَهَا بِالْبَاْسَآءِ وَ الضَّرَّآءِ لَعَلَّهُمْ یَضَّرَّعُوْنَ
وَ : اور مَآ اَرْسَلْنَا : بھیجا ہم نے فِيْ : میں قَرْيَةٍ : کسی بستی مِّنْ نَّبِيٍّ : کوئی نبی اِلَّآ : مگر اَخَذْنَآ : ہم نے پکڑا اَهْلَهَا : وہاں کے لوگ بِالْبَاْسَآءِ : سختی میں وَالضَّرَّآءِ : اور تکلیف لَعَلَّهُمْ : تاکہ وہ يَضَّرَّعُوْنَ : عاجزی کریں
اور ہم نے جس کسی بستی میں بھی کوئی پیغمبر بھیجا اس کے باشندوں کو ہم نے پکڑا سختی اور تنگی میں، تاکہ یہ لوگ دب جائیں،2
132 مصائب ذریعہ ابتلاء و آزمائش : سو اس سے واضح فرما دیا گیا کہ مصائب کے ذریعے قدرت کی طرف سے تنبیہ وتحذیر اور ابتلاء و آزمائش کا سامان کیا جاتا ہے۔ سو ارشاد فرمایا گیا کہ ہم نے جس بستی میں بھی کوئی پیغمبر بھیجا اس کے باشندوں کو ہم نے سختی اور تنگی میں پکڑا تاکہ وہ دب جائیں، ان کی اکڑی ہوئی گردنوں میں خم آجائے اور وہ خدا تعالیٰ کی طرف رجوع کر کے حق قبول کرلیں اور اس طرح یہ دوزخ سے بچ جائیں۔ سو اس طرح عبرت پذیر شخص کے لئے دنیا کی یہ مصیبتیں بھی ہدایت و رحمت کا ذریعہ بن کر باعث خیر بن جاتی ہیں۔ مگر غافل و مدہوش لوگوں کو اس سے کوئی فائدہ نہیں پہنچتا ۔ والعیاذ باللہ العظیم ۔ بہرکیف اس ارشاد سے اس سنت الٰہی کا ذکر وبیان فرمایا گیا ہے جو حضرات انبیاء و رسل کے بارے میں اس کی اس کائنات میں جاری وساری رہی۔ وہ یہ کہ جب بھی اللہ تعالیٰ نے کسی بستی میں اور کسی قوم کے اندر اپنا کوئی نبی و رسول بھیجا اور اس نے لوگوں کو رجوع الی اللہ اور توبہ و استغفار کی دعوت دی تو اللہ تعالیٰ کی طرف سے ان کی تائید وتقویت کے محرکات اس کائنات میں ظاہر ہونا شروع ہوگئے۔ سو ایک طرف تو پیغمبر ان لوگوں کو غفلت اور خدا فراموشی کے انجام سے ڈراتا اور خبردار کرتا اور دوسری طرف اللہ تعالیٰ ان لوگوں کو قحط، سیلاب، طوفان اور طرح طرح کی وباؤں اور بیماریوں میں مبتلا کرتا تاکہ یہ لوگ دبیں اور ان کی اکڑی ہوئی گردنیں دعوت حق کے سامنے جھکیں۔ اور وہ اس کے قبول کرنے پر آمادہ و تیار ہوں۔ تاکہ ان کا دنیا و آخرت میں بھلا ہو اور ان مصیبتوں اور سختیوں سے یہ لوگ اس حقیقت کو جان لیں کہ اللہ تعالیٰ کا عذاب کہیں بھی اور کبھی بھی اور کسی بھی شکل و صورت میں آسکتا ہے۔ اور اللہ جب چاہے اور جہاں اور جیسا چاہے کرسکتا ہے ۔ والعیاذ باللہ العظیم ۔ اللہ تعالیٰ ہمیشہ اپنی حفاظت و پناہ میں رکھے ۔ آمین ثم آمین۔
Top