Tafseer-e-Madani - Al-Anfaal : 22
اِنَّ شَرَّ الدَّوَآبِّ عِنْدَ اللّٰهِ الصُّمُّ الْبُكْمُ الَّذِیْنَ لَا یَعْقِلُوْنَ
اِنَّ : بیشک شَرَّ : بدترین الدَّوَآبِّ : جانور (جمع) عِنْدَ : نزدیک اللّٰهِ : اللہ الصُّمُّ : بہرے الْبُكْمُ : گونگے الَّذِيْنَ : جو کہ لَا يَعْقِلُوْنَ : سمجھتے نہیں
بیشک اللہ کے نزدیک بدترین جانور وہ بہرے ہیں گونگے لوگ ہیں، جو صحیح معنوں میں کام نہیں لیتے اپنی عقلوں سے،
34 منکرین حق بدترین جانور ۔ والعیاذ باللہ : سو اس سے واضح فرما دیا گیا کہ اپنی عقلوں سے صحیح طور پر کام نہ لینے والے منکرین حق اللہ کے نزدیک بدترین جانور ہیں ۔ والعیاذ باللہ ۔ سو اس ارشاد میں جوہر عقل سے صحیح طور پر کام لینے اور حق کو اپنانے کی ترغیب وتحریض ہے۔ سو ارشاد فرمایا گیا کہ بیشک اللہ کے نزدیک بدترین جانور وہ گونگے بہرے لوگ ہیں جو اپنی عقلوں سے صحیح کام نہیں لیتے۔ اور اس طرح ان لوگوں نے جوہر عقل کی اس عظیم الشان نعمت کو ضائع کردیا جس سے قدرت نے محض اپنی رحمت و عنایت سے ان کو نوازا تھا۔ اور جس کے ذریعے اس نے ان کو باقی تمام مخلوقات پر فوقیت اور فضیلت بخشی تھی اور ان کو اشرف المخلوقات کے شرف سے سرفراز فرمایا تھا۔ سو ان کو چاہیئے تھا کہ یہ عقل کے اس جوہر عظیم اور نعمت بےمثال سے صحیح کام لیتے اور کائنات کی اس کھلی کتاب میں غور و فکر کرتے۔ اور اس میں جا بجا پھیلی بکھری، عظیم الشان نشانیوں اور دلائل قدرت کو دیکھ کر اپنے خالق ومالک کی معرفت سے سرفراز و سرشار ہوتے اور خود اپنے مقصد وجود کو پہنچاننے کی کوشش کرتے کہ ہم کہاں جا رہے ہیں اور آگے کیا ہونے والا ہے۔ کیا کرنا چاہیئے تھا اور کیا کر رہے ہیں ؟ ہمارا خالق ومالک کون ہے اور وہ ہم سے کیا کہتا اور کیا چاہتا ہے ؟ اور اس کا ہم پر کیا حق ہے ؟ وغیرہ وغیرہ۔ اگر جوہر عقل کی اس عظیم الشان نعمت سے یہ لوگ اس طرح سوچتے اور غور و فکر کرتے تو سیدھی راہ اور دائمی سعادت سے سرفراز ہوجاتے۔ مگر انہوں اس کے برعکس عقل کے اس جوہر بےمثال کو خواہشات نفس اور شہوات بطن و فرج کے تابع کردیا۔ اور اس طرح یہ لوگ { خَیْرُ الْبَرِیَّۃ } کے منصہ شرف سے گر کر { شَرُّالْبَرِیّہ } کے قعر مذلت میں پہنچ گئے۔ اور یہ وہ خسارہ و نقصان ہے جس جیسا دوسرا کوئی خسارہ و نقصان سرے سے ہو ہی نہیں سکتا ۔ والعیاذ باللہ العظیم ۔ سو اس ارشاد ربانی میں جوہر عقل سے صحیح طور پر کام لینے کی ترغیب وتحریض ہے تاکہ اس طرح انسان دارین کی سعادت و سرخروئی سے سرفراز و بہرہ ور ہوسکے ۔ وباللہ التوفیق لما یحب ویرید وعلی ما یحب ویرید وہو الہادی الی سواء السبیل ۔ اللہ تعالیٰ غوائل نفس اور مہالک شیطان سے ہمیشہ اپنی حفاظت و پناہ میں رکھے ۔ آمین ثم آمین یا رب العالمین -
Top