Tafseer-e-Majidi - Al-Hijr : 88
لَا تَمُدَّنَّ عَیْنَیْكَ اِلٰى مَا مَتَّعْنَا بِهٖۤ اَزْوَاجًا مِّنْهُمْ وَ لَا تَحْزَنْ عَلَیْهِمْ وَ اخْفِضْ جَنَاحَكَ لِلْمُؤْمِنِیْنَ
لَا تَمُدَّنَّ : ہرگز نہ بڑھائیں آپ عَيْنَيْكَ : اپنی آنکھیں اِلٰى : طرف مَا مَتَّعْنَا : جو ہم نے برتنے کو دیا بِهٖٓ : اس کو اَزْوَاجًا : کئی جوڑے مِّنْهُمْ : ان کے وَلَا تَحْزَنْ : اور نہ غم کھائیں عَلَيْهِمْ : ان پر وَاخْفِضْ : اور جھکا دیں آپ جَنَاحَكَ : اپنے بازو لِلْمُؤْمِنِيْنَ : مومنوں کے لیے
اپنی آنکھ اٹھا کر بھی ان چیزوں کو نہ دیکھئے جو ہم نے ان (کافروں کی) مختلف قسموں کو دے رکھی ہیں،76۔ اور نہ ان لوگوں پر غم کیجیے اور ایمان والوں کے لئے اپنے بازو جھکائے رکھیے،77۔
76۔ (اور عنقریب ان سے جدا کرلی جائیں گی) یہ چند روزہ عیش (اور وہ بھی تلخیوں سے ملا ہوا) چیز ہی کونسی ایسی ہے، جسے ایک دولت عظیم سمجھا جائے ؟ (آیت) ” متعنابہ “۔ صاف اشارہ ادھر ہوگیا کہ یہ کافر ان نعمتوں کے کہیں مالک تھوڑے ہی کردیئے گئے ہیں، یہ تو سرتاسر عارضی اور فانی چیزیں انہیں مستعار عنایت ہوئی ہیں۔ (آیت) ” ازواجا منھم “ کافروں کی مختلف قسمیں۔ یہود، نصرانی، مجوس، مشرکین، وغیرہا۔ (آیت) ” لاتمدن عینیک “۔ رسول اللہ ﷺ ان ظاہری نعمتوں پر شوق والتفات کی نظریں تو ڈال سکتے ہی نہ تھے۔ البتہ یہ ہوسکتا تھا کہ آپ بغض فی اللہ کے ماتحت غصہ سے نظر فرماتے کہ یہ دشمنان خدا اور ایسی نعمتوں سے لذت یاب ہوں ! دوسری صورت رنج وتاسف کے نقطہ نظر سے ممکن تھی کہ کہیں یہی چیزیں تو انہیں ایمان سے مانع نہیں ہورہی ہیں۔ یہ ان کے پاس سے ہٹ جائیں تو ممکن تھا کہ یہ ایمان لے آتے ! آیت میں آپ ﷺ کو غیظ وغم کی ان دونوں صورتوں سے نظر کرنے کی ممانعت کردی گئی۔ 77۔ (کہ آپ کی شفقت اور فکر مصلحت کے محل صحیح یہی اہل ایمان ہیں اور یہی نفع بھی حاصل کریں گے) (آیت) ” ولا تحزن علیھم “ ان پر غم وتاسف نہ کیجئے کہ یہ کافر ومعاند سرے سے آپ ﷺ کی شفقت وفکر مصلحت کے محل ہی نہیں۔ (آیت) ” واخفض جناحک “۔ خفض جناح کے لفظی معنی بازو جھکانے کے ہیں۔ محاورہ میں اس سے مراد ہوتی ہے، شفقت ونرم خوئی سے پیش آنے کے۔ مطلب یہ ہوا کہ آپ ﷺ اپنی شفقت کو تمامتر مرمنین پر متوجہ رکھیے۔ وخفض الجناح کنایۃ عن اللینۃ والرفق والتواضع والمقصود انہ تعالیٰ لمانھاہ عن الاالتفات الی اولئک الاغنیاء من الکفار امرہ بالتواضع لفقراء المسلمین (کبیر) کنایۃ عن التواضع لھم والرفق بھم (روح)
Top