Tafseer-e-Majidi - An-Nahl : 72
وَ اللّٰهُ جَعَلَ لَكُمْ مِّنْ اَنْفُسِكُمْ اَزْوَاجًا وَّ جَعَلَ لَكُمْ مِّنْ اَزْوَاجِكُمْ بَنِیْنَ وَ حَفَدَةً وَّ رَزَقَكُمْ مِّنَ الطَّیِّبٰتِ١ؕ اَفَبِالْبَاطِلِ یُؤْمِنُوْنَ وَ بِنِعْمَتِ اللّٰهِ هُمْ یَكْفُرُوْنَۙ
وَاللّٰهُ : اور اللہ جَعَلَ : بنایا لَكُمْ : تمہارے لیے مِّنْ : سے اَنْفُسِكُمْ : تم میں سے اَزْوَاجًا : بیویاں وَّجَعَلَ : اور بنایا (پیدا کیا) لَكُمْ : تمہارے لیے مِّنْ : سے اَزْوَاجِكُمْ : تمہاری بیویاں بَنِيْنَ : بیٹے وَحَفَدَةً : اور پوتے وَّرَزَقَكُمْ : اور تمہیں عطا کیا مِّنَ : سے الطَّيِّبٰتِ : پاک چیزیں اَفَبِالْبَاطِلِ : تو کیا باطل کو يُؤْمِنُوْنَ : وہ مانتے ہیں وَ : اور بِنِعْمَةِ : نعمت اللّٰهِ : اللہ هُمْ : وہ يَكْفُرُوْنَ : انکار کرتے ہیں
اور اللہ نے تمہی میں سے تمہارے لئے بیویاں بنائیں اور تمہارے لئے تمہاری بیویوں سے بیٹے اور پوتے پیدا کئے،109۔ اور تمہیں نفیس چیزیں کھانے کو دیں،110۔ تو کیا پھر بھی یہ لوگ باطل پر ایمان رکھیں گے اور اللہ کی نعمتوں کی ناشکری کرتے رہیں گے،111۔
109۔ (اور اس طرح تمہاری بقائے نوعی کا سامان کردیا) (آیت) ” من انفسکم “۔ یعنی تمہاری ہی جنس ونوع سے۔ (آیت) ” حفدۃ “۔ حافد کے عام معنی پوتے کے ہیں۔ المراد بالحفدۃ علی ماروی عن الحسن والازھری وجاء فی روایۃ عن ابن عباس واختارہ ابن العربی اولاد الاولاد (روح) لیکن ایک معنی خادم، مددگار، وغیرہ کے بھی لئے گئے ہیں، روی عن ابن عباس ان الحفدہ الخدم والا عوان وقال الحسن اعانک فقد حفدک وقال مجاھد وقتادہ وطاؤس الحفدۃ الخدم (جصاص) امام رازی (رح) نے متعدد معانی ومفہومات بیان کرکے لکھا ہے کہ بہتر یہ ہے کہ لفظ کے عموم میں ان سارے مفہوموں کی وسعت کو شامل رکھا جائے، والاولی دخول الکل فیہ لما بینا ان الالفظ محتمل للکل بحسب المعنی المشترک الذی ذکرناہ (کبیر) 110۔ (اور اس طرح تمہاری بقائے شخصی کا سامان کردیا) (آیت) ” الطیبت “ یہاں اپنے لغوی معنی میں ہے، یعنی نفیس ولذیذ کے مرادف ہے۔ اے اللذائذ وھو معنا ھا اللغوی (روح) اے اللذائذ (بیضاوی) (آیت) ” من الطیبت “۔ میں من تبعیض کا ہے۔ من للتبعیض (بیضاوی۔ روح) 111۔ (اس کے سچے دین کے منکر رہ رہ کر) (آیت) ” افبالباطل “۔سے مراد ہے پھر بھی، یعنی اللہ کی توجہ و ربوبیت کے سارے دلائل و شواہد سننے اور جاننے کے بعد (آیت) ” بالباطل یؤمنون “۔ یعنی بےبنیاد وہمی چیزوں پر، مثلا بتوں کی معبودیت پر ایمان لاتے ہیں۔
Top