Tafseer-e-Majidi - Al-A'raaf : 56
وَ لَا تُفْسِدُوْا فِی الْاَرْضِ بَعْدَ اِصْلَاحِهَا وَ ادْعُوْهُ خَوْفًا وَّ طَمَعًا١ؕ اِنَّ رَحْمَتَ اللّٰهِ قَرِیْبٌ مِّنَ الْمُحْسِنِیْنَ
وَ : اور لَا تُفْسِدُوْا : نہ فساد مچاؤ فِي الْاَرْضِ : زمین میں بَعْدَ : بعد اِصْلَاحِهَا : اس کی اصلاح وَادْعُوْهُ : اور اسے پکارو خَوْفًا : ڈرتے وَّطَمَعًا : اور امید رکھتے اِنَّ : بیشک رَحْمَتَ : رحمت اللّٰهِ : اللہ قَرِيْبٌ : قریب مِّنَ : سے الْمُحْسِنِيْنَ : احسان (نیکی) کرنیوالے
اور ملک میں اس کی درستی کے بعد فساد نہ مچاؤ اور اللہ کو پکارتے رہو ڈر کے ساتھ (بھی) اور آرزو کے ساتھ (بھی) بیشک اللہ کی رحمت نیکوکاروں کے بہت نزدیک ہے،78 ۔
78 ۔ (سو تمہیں اجر ہی ملنا یقینی نہیں ہے اس کا جلد ملنا بھی یقینی ہے) (آیت) ” ولا تفسدوا فی الارض بعد اصلاحھا “۔ کائنات کی اصلاح ودرستی قانون اسلام کے قبول کرنے اور اس پر عمل کرنے ہی سے ہوتی ہے اور اس مکمل دستور العمل سے انکار ہی پہلے فساد عقاید اور پھر فساد اعمال، فساد، اخلاق، جرائم ومعاصی، قتل و خونریزی ہر قسم کے فسادات کا باعث ہوتا ہے۔ (آیت) ” وادعوہ خوفا وطمعا “۔ خوف تو اس لحاظ سے کہ شرائط قبول دعا میں سے کوئی چیز چھوٹ نہ گئی ہو، اور آرزو اس کی کہ کوئی شرط چھوٹنے نہ پائی ہو۔ ای مع الخوف من قوع التقصیر فی بعض الشرائط المعتبرۃ فی قبول ذلک الدعاء ومع الطمع فی حصول تلک الشرائط باسرھا (کبیر) ایک پہلویہ بھی ہے کہ اگر کہیں اس نے عدل شروع کردیا تو ہمارے اعمال کس قابل ہیں۔ ہمیں تو ڈرتے ہی رہنا چاہیے البتہ آرزو اس کے فضل کی رکھنا چاہیے۔ قال ابن جریج خوف العدل وطمع الفضل (معالم) مرشد تھانوی (رح) نے فرمایا کہ خوف کا لفظ ناز، عجب وپندار کی تردید میں ہے اور آرزو کی تاکید مایوسی کے مقابلہ میں ہے۔ (آیت) ” رحمت اللہ قریب “۔ رحمۃ کا لفظ مؤنث ہے۔ اس لیے قاعدہ سے قریب کے بجائے قریبۃ ہونا تھا۔ لیکن رحمۃ کو جو مؤنث غیر حقیقی ہے یہاں رحم یا ثواب یا غفران کے مرادف قرار دیا گیا ہے۔ اور خبر مذکر قریب اسی مناسبت سے لائی گئی ہے۔ انما ذکر قریب علی تاویل الرحمۃ بالرحم اوللتراحم (کشاف) او لان تانیث الرحمۃ غیر حقیقی (کشاف) قال سعید بن جبیر الرحمۃ ھھنا الثواب فرجع النعت الی المعنی دون اللفظ (معالم) قال الزجاج انما قیل قریب لان الرحمۃ والغفران فی معنی واحد وکذلک کا تانیث لیس بحقیقی (امالی ابن الشجری جلد 2 صفحہ 256) قال النضر بن شمیل الرحمۃ مصدر ومن حق المصادر التذکیر کقولہ فمن جاء ہ موعظۃ (کبیر)
Top