تفسیر القرطبی

Al-Qurtubi · 107. Al-Maa'un · Ayah 4

  1. فَوَیْلٌ لِّلْمُصَلِّیْنَۙ﴿4﴾

    1. فَوَيْلٌپس خرابی
    2. لِّلْمُصَلِّيْنَنمازیوں کیلئے
Translation · Al-Qurtubi
تو ایسے نمازیوں کی خرابی ہے
Tafseer · Al-Qurtubi

کن نمازیوں کی ہلاکت ہے ؟

مسئلہ نمبر 3: فَوَيْلٌ لِّلْمُصَلِّيْنَ ۔ الَّذِيْنَ هُمْ عَنْ صَلَاتِهِمْ سَاهُوْنَ ۔ ان کے لیے عذاب ہے۔ پہلے بھی کئی مواقع پر یہ بحث گزر چکی ہے۔ ضحاک نے حضرت ابن عباس سے روایت نقل کی ہے : نہ اس سے مراد وہ نمازی ہے اگر وہ نماز پڑھے تو وہ ثواب کی امید نہ رکھے اگر اسے چھوڑ دے تو اس پر عقاب کا خوف نہ ہو۔ ان سے ہی بھی مروی ہے : اس سے مراد وہ لوگ ہیں جو نمازوں کو ان کے اوقات سے موخر کرتے ہیں۔ مغیرہ نے ابراہیم سے یہ قول نقل کیا ہے : وہ وقت ضائع کرنے کے ساتھ لاپرواہی کرتے ہیں۔ ابو العالیہ سے مروی ہے : وہ نمازوں کو ان کے اوقات میں نہیں پڑھتے اور ان کے رکوع و سجود کو مکمل نہیں کرتے۔

میں کہتا ہوں : اس پر اللہ تعالیٰ کا فرمان فخلف من بعدھم خلف اضاعوا الصلوۃ (مریم) ان کے بعد ایسے لوگ آئیں گے جو نماز کو ضائع کریں گے۔ جیسے اس کا بیان پہلے گزر چکا ہے۔ ابراہیم سے مروی ہے : اس سے مراد وہ ہے جو سجدہ کرتا ہے تو اپنے سر کو اس طرح کھڑا کرلیتا ہے متوجہ ہوتے ہوئے۔ قطرب نے کہا : وہ نہ قرات کرتا ہے اور نہ ہی اللہ کا ذکر کرتا ہے۔ حضرت عبداللہ بن مسعود کی قرات میں ساھون کی جگہ لاھون کا لفظ ہے۔ حضرت سعد بن ابی وقاص نے کہا کہ نبی کریم نے اس آیت کی وضاحت کرتے ہوئے فرمایا : سستی کرتے ہوئے جو نماز میں اس کے وقت سے تاخیر کرتے ہیں۔ حضرت ابن عباس سے مروی ہے اس سے مراد منافق ہیں جو مخفی حالت میں نماز ترک کرتے ہیں اور علانیہ اس کو پڑھتے ہیں جب نماز کے لیے کھڑے ہوتے ہیں تو سستی کرتے ہوئے کھڑے ہوتے ہیں الذین ھم یرائون۔ اس چیز پر دال ہے کہ یہ آیت منافقین کے بارے میں ہے ؛ یہ ابن وہب نے امام مالک سے روایت نقل کی ہے۔ حضرت ابن عباس نے کہا : اگر کلام ہوتی فی صلاتھم ساھون تو یہ مومنین کے حق میں ہوتی۔ عطا نے کہا : الحمد للہ، اس نے عن صلاتھم فرمایا ہے فی صلاتھم نہیں فرمایا۔ زمخشری نے کہا : اگر تو پوچھے عن صلاتھم اور فی صلاتھم میں کیا فرق ہے ؟ تو میں کہوں گا : عن کا معنی ہے وہ نماز سے غفلت کرتے ہیں وہ اسے ترک کرتے ہیں اس کی طرف بہت کم توجہ کرتے ہیں۔ یہ منافقوں کا اور مسلمانوں میں شاطر فاسقوں کا طرز عمل ہے اور فی کا معنی ہے کہ سہو نماز میں انہیں لاحق ہوجاتا ہے خواہ شیطان کی جانب سے وسوسہ ہو یا ذہن کسی طرف متوجہ ہوجائے یہ ایسی صورت ہے کوئی مسلمان اس سے خالی نہیں ہوتا۔ رسول اللہ کو بھی نماز میں سہو واقع ہوا کسی اور کی کیا حیثیت ہے۔ اسی وجہ سے فقہا نے اپنی کتابوں میں سجدہ سہو کے ابواب شامل کیے ہیں۔

ابن عربی نے کہا : سہو سے سلامت رہنا محال ہے۔ رسول اللہ اور صحابہ اپنی نماز میں بھولے وہ آدمی جو اپنی نماز میں نہیں بھولتا تو وہ ایسا آدمی ہے جو اس میں تدبر نہیں کرتا، اس کی قرات کو نہیں سمجھتا اس کا مقصود صرف اس کی تعداد میں ہوا کرتا ہے یہ ایسا آدمی ہے جو چھلکا تو کھا لیتا ہے اور مغز پھینک دیتا ہے۔ نبی کریم نماز میں اس لیے بھولتے تھے کیونکہ آپ نماز سے بڑی ذات میں غور و فکر کر رہے ہوتے تھے یہ کسی طرح بھی نہیں ہوسکتا کہ آپ نماز میں اس لیئے بھولتے ہوں کہ آپ شیطان کے وساوس کی طرف متوجہ ہوتے ہوں جب شیطان نمازی کو یہ کہے : فلاں بات یاد کرو، فلاں بات یاد کرو جن کو وہ پہلے یاد نہیں کرتا یہاں تک کہ آدمی بھٹک جاتا ہے کہ اس نے کتنی رکعت نماز پڑھی۔