تفسیر القرطبی

Al-Qurtubi · 107. Al-Maa'un · Ayah 6

  1. الَّذِیْنَ هُمْ یُرَآءُوْنَۙ﴿6﴾

    1. الَّذِيْنَجو کہ
    2. هُمْوہ
    3. يُرَآءُوْنَدکھاوا کرتے ہیں
Translation · Al-Qurtubi
جو ریاکاری کرتے ہیں
Tafseer · Al-Qurtubi

ریا اور اس کی حقیقت :

مسئلہ نمبر 4: الَّذِيْنَ هُمْ يُرَاۗءُوْنَ : وہ لوگوں کو دکھاتا ہے کہ وہ طاعت کے طور پر نماز پڑھتا ہے جبکہ وہ تقیہ کے طور پر نماز پڑھ رہا تھا جس طرح فاسق کرتا ہے۔ وہ خیال کرتا ہے کہ وہ عبادت کی غرض سے نماز پڑھ رہا تھا حالانکہ وہ اس لیے نماز پڑھ رہا تھا تاکہ اسے یہ کہا جائے کہ وہ نماز پڑھتا ہے۔ ریا کی حقیقت یہ ہے دنیا میں جو کچھ ہے اسے عبادت کے ذریعے طلب کرنا۔ اس کی اصل یہ ہے کہ لوگوں کے دلوں میں مقام و مرتبہ کی طلب کرنا۔ اس کا ابتدائی مرحلہ اچھی شہرت ہے اس کے ذریعہ جاہ و ثنا چاہتا ہے۔ چھوٹے اور کھردرے کپڑوں کے ذریعہ ریا تاکہ اس کے ذریعے وہ دنیا میں زہد حاصل کرے۔ زبان سے ریا کہ دنیا داروں پر ناراضگی کا اظہار کرے اور جو وہ خیر وطاعت کو چھوڑتا ہے اس پر تاسف کا اظہار کرے اور وعظ کرے۔ نماز اور صدقہ کو ظاہر کرنا یا اچھے انداز میں نماز پڑھنا تاکہ لوگ دیکھیں۔ اس کی بحث بڑی طویل ہے یہ چیز اس پر دلیل ہے : ابن عربی نے یہی کہا ہے۔

میں کہتا ہوں : سورة النساء، ہود اور کہف کے آخر میں ریا، اس کے احکام اور اس کی حقیقت کے بارے میں گفتگو گزر چکی ہے۔ جو کافی و شافی ہے۔ الحمدللہ

فرائض میں اظہار ریا نہیں بلکہ نوافل کا اظہار ریا ہے :

مسئلہ نمبر 5: اگر عمل فرض ہو تو اسے اعلانیہ کرنے کے ساتھ بندہ ریا کرنے والا نہیں ہوتا کیونکہ فرائض کے حقوق میں سے ہے کہ وہ ان کا اعلان کرے اور ان کی تشہیر کرے کیونکہ رسول اللہ کا ارشاد ہے : ولا غمۃ فی فرائض اللہ۔ اللہ تعالیٰ کے فرائض میں کوئی اخفا نہیں، کیونکہ یہ اسلام کی علامات اور دین کے شعائر ہیں۔ اس کا تارک مزمت اور ناراضگی کا مستحق بنتا ہے ،۔ اس لیے ضروری ہے کہ ان اعمال کے اظہار کے ساتھ تہمت کو دور کیا جائے۔ اگر وہ اعمال نفلی ہیں تو پھر ان کا حق یہ ہے کہ ان میں اخفا کیا جائے کیونکہ ان کے ترک کی وجہ سے نہ ملامت کی جاتی ہے اور نہ ہی مذمت کی جاتی ہے اگر وہ ان کو اس لیے ظاہر کرتا ہے تاکہ اس کی اقتدا کی جائے تو یہ اچھا ہوگا۔ ریا اس وقت ہوگا جب عمل ظاہر کرنے سے مقصد یہ ہو کہ آنکھیں دیکھیں اور صالحیت کے حوالے سے اس کی تعریف کی جائے۔ بعض علما سے مروی ہے کہ اس نے ایک آدمی کو سجدہ شکر کرتے ہوئے دیکھا تو اس نے سجدہ لمبا کیا تو اس نے کہا : اگر تیرے گھر میں یہ عمل ہوتا تو کتنا اچھا ہوتا۔ اس نے یہ بات اس لیے کی تھی کیونکہ اس میں ریا اور شہرت کی علامت تھی۔ سورة البقرہ میں یہ معنی گزر چکا ہے اور کئی مواقع پر بھی یہ بحث گزر چکی ہے۔ الحمدللہ۔

Al-Qurtubi - Al-Maa'un 107:6