تفسیر القرطبی

Al-Qurtubi · 107. Al-Maa'un · Ayah 7

  1. وَ یَمْنَعُوْنَ الْمَاعُوْنَ۠ع﴿7﴾

    1. وَيَمْنَعُوْنَروکتے ہیں (نہیں دیتے)
    2. الْمَاعُوْنَعام ضرورت کی چیز
Translation · Al-Qurtubi
اور برتنے کی چیزیں عاریۃً نہیں دیتے
Tafseer · Al-Qurtubi

مسئلہ نمبر 6: وَيَمْنَعُوْنَ الْمَاعُوْنَ ۔ ماعون میں دس اقوال ہیں۔

اموال کی زکوۃ :

(1) اس سے مراد ان کے اموال کی زکوۃ ہے ؛ ضحاک نے حضرت ابن عباس سے یہی روایت نقل کی ہے حضرت علی شیر خدا سے بھی اسی طرح مروی ہے۔ امام مالک نے بھی یہی کہا ہے : اس سے مراد منافق ہے جو زکوۃ ادا نہیں کرتا۔ ابوبکر بن عبدالعزیز نے امام مالک سے روایت نقل کی ہے کہا : منافق جب نماز پڑھتا ہے تو ریاکاری کرتے ہوئے نماز پڑھتا ہے اگر نماز اس سے فوت ہوجاتی ہے تو اس پر کسی شرمندگی کا اظہار نہیں کرتا اور اللہ تعالیٰ نے ان پر جو زکوۃ فرض کی ہے وہ اسے روک لیتا ہے، زید بن اسلم نے کہا : اگر نماز بھی ان کے لیے مخفی ہوتی جس طرح زکوۃ ان کے لیے مخفی ہے تو وہ اسے نہ پڑھے۔

مال :

(2) ماعون سے مراد مال ہے ؛ یہ قریش کی لغت ہے ؛ یہ ابن شہاب اور سعید بن مسیب کا نطقہ نظر ہے۔

تمام منافع :

(3) یہ ایسا اسم ہے جو گھر کے تمام منافع کو جامع ہے جس طرح کلہاڑا، ہنڈیا، آگ اور اس جیسی چیزیں، یہ حضرت ابن مسعود کا قول ہے۔ حضرت ابن عباس سے یہ بھی مروی ہے اعمش نے کہا : باجود منہ بماعونہ وہ اپنے گھر کے سامان کے ساتھ زیادہ سخاوت کرنے والا ہے۔

جاہلیت میں مراد منفعت اور اسلام میں طاعت اور زکوۃ :

(4) زجاج، ابو عبید اور مبرد نے کہا : دور جاہلیت میں ماعون اسے کہتے جس میں کوئی منفعت ہوتی جیسے کلہاڑا، ہنڈیا، دول، پیالہ خواہ اس میں تھوڑی منفعت ہوتی یا زیادہ منعت ہوتی۔ انہوں نے اس بارے میں اعمش کے اشعار پڑھے۔ علماء نے کہا : اسلام میں ماعون سے مراد طاعت اور زکوۃ ہے اور ایک چرواہے کے اشعار پڑھے :

اخلیفۃ الرحمن انا معشر۔۔۔ حنفاء نسجد بکرۃ و اصیلا

عرب نری للہ من اموالنا۔۔۔ حق الزکاۃ منزلا تنزیلا

قوم علی الاسلام لما یمنعوا۔۔۔ ما عونھم و یضیعوا التھلیلا

اے رحمن کے خلیفہ ! ہم ایسے لوگ ہیں جنہوں نے باطل کو چھوڑ کر حق کو اپنا لیا ہے، ہم صبح و شام سجدہ کرتے ہیں، ہم عرب ہیں، ہم اللہ تعالیٰ کے لیے اپنے اموال میں زکوۃ کا حق لازمی سمجھتے ہیں ،۔ ہم مسلمان ہیں، جب وہ زکوۃ و طاعات سے رکتے ہیں اور لا الہ اللہ کو ضائع کرتے ہیں۔

ان اشعار سے ماعون سے مراد زکوۃ ہے۔

ادھار چیز :

(5) ماعون سے مراد ادھار چیز ہے ؛ حضرت ابن عباس سے یہ بھی مروی ہے۔

ہر نیکی :

(6) ہر نیکی مراد ہے جو لوگ باہم ایک دوسرے سے کرتے ہیں۔ یہ محمد بن کعب اور کلبی کا قول ہے۔

پانی اور گھاس :

(7) اس سے مراد پانی اور گھاس ہے۔

پانی :

(8) صرف پانی مراد ہے۔ فراء نے کہا : میں نے ایک بدو کو کہتے ہوئے سنا وہ ماعون سے مراد پانی لے رہا تھا۔ اس بارے میں نے یہ مصرع سنایا :

۔۔۔ یمج صبیرہ الماعون صبا۔۔۔

اس کا بادل موسلا دھار پانی برسا رہا تھا۔

حق کو روکنا :

(9) اس نے حق روکا ؛ یہ حضرت عبداللہ بن عمر کا قول ہے۔

منافع میں سے تھوڑی سی چیز :

(10) اموال کے منافع میں سے تھوڑی سی چیز۔ یہ معن سے ماخوذ ہے جس کا معنی قلیل ہے ؛ یہ طبری اور حضرت ابن عباس کا قول ہے۔

قطرب نے کہا : ماعون کا اصل معنی قلت ہے معن سے مراد تھوڑی چیز ہے عرب کہتے ہیں : مالہ سعنۃ ولا معنۃ، نہ اس کے پاس زیادہ نہ کم۔ اللہ تعالیٰ نے زکوۃ، صدقہ اور اس جیسی چیزوں کو ماعون قرار دیا کیونکہ یہ کثیر میں سے تھوڑی چیز ہوتی ہے لوگوں میں سے کچھ ایسے بھی ہیں جو یہ کہتے ہیں کہ ماعون کی اصل معونۃ ہے، الف، ھاء کے عوض میں ہے، یہ جوہری نے بیان کی ہے۔ ابن عربی نے کہا : ماعون یہ اعان، یعین سے مفعول کا وزن ہے۔ عون سے مراد ایسی امداد ہے جو قوت، آلات اور امر کے اسباب میسرہ کے ساتھ ہو۔

طاعت وانقیاد :

(11) اس سے مراد طاعت وانقیاد ہے۔ اخفش نے فصیح اعرابی سے یہ قول نقل کیا ہے ؛ اگر ہم اترے تو میں تیری اونٹنی کے ساتھ ایسا معاملہ کروں گا تو وہ اونٹنی تجھے اختیار عطا کرے گی۔

راجز نے کہا :

متی تمادنھن فی البرین۔۔۔ یضضعن او یعطین بالماعون

جب تو انہیں ان حلقوں سے پکڑے گا جو ان کے ناک میں ہیں تو وہ عاجزی کریں گے یا تیری اطاعت کریں گی۔

ایک قول یہ کیا گیا ہے : اس کا معنی ہے جس کا روکنا حلال نہیں ہوتا جس طرح پانی، نمک اور آگ، کیونکہ حضرت عائشہ صدیقہ نے کہا : میں نے عرض کیا یا رسول اللہ ! وہ کون سی چیز ہے جس کا روکنا حلال نہیں ؟ فرمایا : پانی، آگ اور نمک۔ میں نے عرض کی : یا رسول اللہ ! یہ تو پانی ہوا، یہ آگ اور نمک کی کیا وجہ ہے ؟ فرمایا : اے عائشہ جس نے آگ دی گویا اس نے وہ تمام کھانا صدقہ کیا جو اس آگ کے ساتھ پکایا گیا، جس نے نمک دیا گیا گویا اس نے وہ تمام کھانا صدقہ کیا جس کے ساتھ اس کھانے کو لذیذ بنایا گیا، جہاں پانی پایا جاتا ہے وہاں اس نے ایک دفعہ پانی پلایا گویا اس نے ساٹھ غلام آزاد کیے اور جس نے وہاں پانی پلایا جہاں پانی نہیں ملتا تو گویا اس نے ایک نفس کو زندہ کیا اور جس نے ایک نفس کو زندگی دی (اس کو مرنے سے بچایا) تو گویا اس نے تمام انسانوں کو بچایا۔ یہ روایت ثعلبی نے اپنی تفسیر میں ذکر کی ہے اور ابن ماجہ نے اسے سنن میں روایت کیا ہے۔ اس کی سند میں ضعف ہے۔ یہ بارہواں قول ہے۔ ماوردی نے کہا : یہ احتمال موجود ہے کہ اس سے مراد ایسی معرفت ہے جس کا کرنا آسان ہو جبکہ اللہ تعالیٰ نے اسے ذی شان بنا دیا۔ اللہ تعالیٰ بہتر جانتا ہے۔ عکرمہ جو حضرت ابن عباس کے غلام تھے سے کہا گیا : جس نے اپنے سامان میں سے کوئی چیز دینے سے انکار کیا اس کے لیے ہلاکت ہے ؟ تو انہوں نے جواب دیا : نہیں بلکہ جس نے تین چیزوں کو جمع کیا اس کے لیے ہلاکت ہے۔ نماز کو ترک کرنا۔ ریا کاری کرنا اور ضرورت کی چیزوں میں بخل کرنا۔

میں کہتا ہوں : منافقین کے بارے میں اس آیت کا ہونا زیادہ مناسب اور موزوں ہے کیونکہ انہوں نے تینوں اوصاف کو جمع کیا، نماز ترک کرنا، ریا کاری کرنا اور مال میں بخل کرنا۔ اللہ تعالیٰ کا فرمان ہے : واذا قاموا الی الصلوۃ قاموا کسالی یرائون الناس ولا یذکرون اللہ الا قلیلا۔ (النساء) جب وہ نماز کے لیے کھڑے ہوتے ہیں تو سستی سے کھڑے ہوتے ہیں وہ لوگوں کے لیے دکھلاوا کرتے ہیں اور اللہ تعالیٰ کا ذکر نہیں کرتے مگر تھوڑا سا ذکر کرتے ہیں۔ ولا ینفقون الا وھم کرھون۔ (توبہ) وہ مال خرچ نہیں کرتے مگر ناپسند کرتے ہوئے۔ یہ ان کے احوال ہیں اور یہ بہت ہی بعید ہے کہ کسی سچے مسلمان سے یہ افعال صادر ہوں۔ اگر ان میں سے کچھ پایا جائے تو اسے کچھ توبیخ (شرمندگی) بھی لاحق ہوگی۔ یہ ماعون کو روکنے کی بنا پر ہوگی جب وہ متعین ہوجائے جس طرح نماز جب مومن اس کو ترک کرے۔ اللہ تعالیٰ بہتر جانتا ہے۔ یہ روکنا مروت میں قبیح روکنا ہوگا جبکہ ضرورت نہ ہو۔ اللہ تعالیٰ بہتر جانتا ہے۔