تفسیر القرطبی
Al-Qurtubi · 75. Al-Qiyaama · Ayah 31
فَلَا صَدَّقَ وَ لَا صَلّٰىۙ﴿31﴾
- فَلَا صَدَّقَنہ اس نے تصدیق کی
- وَلَا صَلّٰىنہ اس نے نماز پڑھی
Translation · Al-Qurtubi
تو اس (ناعاقبت اندیش نے تو کلام خدا کی) تصدیق کی نہ نماز پڑھی
Tafseer · Al-Qurtubi
فلا صدق ولاصلی۔۔۔ تا۔۔۔۔ فاولی۔
فلا صدق ولاصلی : ابوجہل نے نہ تصدیق کی اور نہ نماز پڑھی۔ ایک قول یہ کیا گیا ہے کہ ضمیر انسان کی طرف لوٹ رہی ہے جو سورت کے آغاز میں ہے وہ اسم جنس ہے پہلاقول حضرت ابن عباس کا ہے یعنی اس نے رسالت کی تصدیق نہ کی اور نہ اپنے رب سے دعا کی اور نہ رسول اللہ ﷺ پر درود پڑھا، قتادہ نے کہا، نہ کتاب اللہ کی تصدیق کی اور نہ اللہ تعالیٰ کی رضا کی خاطر نماز پڑھی۔ ایک قول یہ کیا گیا ہے نہ اپنے مال کا صدقہ دیا تاکہ اللہ کے ہاں ذخیرہ ہوجائے اور نہ ہی وہ نمازیں پڑھیں جن کا اللہ تعالیٰ نے اسے حکم دیا تھا ایک قول یہ کیا گیا ہے نہ اپنے دل سے ایمان لایا اور نہ اپنے بدن سے عمل کیا، کسائی نے کہا، لا، لم کے معنی میں ہے لیکن اسے غیر کے ساتھ ملا کر ذکر کیا جاتا ہے عرب کہت ہیں، لاعبداللہ خارج ولا فلاں، نہ عبداللہ نکلا نہ کوئی اور، تو یہ نہیں کہہ سکتا، مررت برجل لامحسن یہاں تک کہ تو ساتھ یہ نہ کہے ولامجمل میں ایک ایسے آدمی کے پاس سے گزرا جو نہ محسن ہے نہ مجمل۔ اللہ تعالیٰ کا فرمان : فلا اقتحم العقبہ۔ البلد) وہ اس انداز کا نہیں کیونکہ اس کا معنی ہے کیا وہ عقبہ (مشقت) میں داخل نہیں ہوا۔ الف استفہام کو حذف کردیا گیا ہے۔ اخفش نے کہا، فلاصدق کا معنی ہے اس نے تصدیق نہ کی جس طرح فلا اقتحم ہے وہ داخل نہ ہوا۔ اس میں دوسری شئی کو پیچھے لانا شرط نہیں۔ عرب کہتے ہیں، لاذھب وہ نہ گیا، حرف نفی ماضی کی نفی کرتا ہے جس طرح مستقبل کی نفی کرتا ہے، اس معنی میں زہر کا قول ہے : فلا ھو ابد اھا ولم یتقدم، نہ اس نے اس ظاہر کیا اور نہ خود آگے بڑھا۔