تفسیر القرطبی
Al-Qurtubi · 75. Al-Qiyaama · Ayah 9
وَ جُمِعَ الشَّمْسُ وَ الْقَمَرُۙ﴿9﴾
- وَجُمِعَاور جمع کردئیے جائیں گے
- الشَّمْسُسورج
- وَالْقَمَرُاور چاند
Translation · Al-Qurtubi
اور سورج اور چاند جمع کردیے جائیں
Tafseer · Al-Qurtubi
وجمع الشمس والقمر۔ روشنی کے چلے جانے میں ان دونوں کو جمع کردیا تو سورج کی کوئی روشنی نہ ہوگی جس طرح خسوف (چاند گرہن) کے بعد چاند کی کوئی روشنی نہیں ہوتی، یہ فراء اور زجاج کا قول ہے، فراء نے کہا، جمع کا صیغہ مونث ذکر نہیں کیا کیونکہ معنی ہے دونوں کو جمع کردیا گیا، ابوعبیدہ نے کہا مذکر کو غلبہ دینے کی بنا پر اسے مذکر ذکر کیا گیا ہے، کسائی نے کہا : یہ معنی پر محمول ہے گویا کہا وجمع الضوان، مبرد نے کہا، الشمس مونث غیر حقیقی ہے۔ حضرت ابن عباس اور حضڑت ابن مسعود سے روایت نقل کی گئی ہے ان دونوں کو جمع کیا گیا ہے یعنی دونوں کو مغرب سے سیاہ و تاریک طلوع کرنے میں جمع کردیا گیا گویا وہ دونوں زخمی بیل ہیں، اس معنی کے موافق حدیث سورة الانعام کے آخر میں گزرچکی ہے حضرت عبداللہ کی قرات میں وجمع بین الشمس والقمر ہے۔
عطاء بن یسار نے کہا : قیامت کے روز ان دونوں کو جمع کیا جائے گا پھر دونوں کو سمندر میں پھینک دیا جائے گا تو وہ دونوں بڑی آگ ہوجائیں گے حضڑت علی شیر خدا اور حضرت ابن عباس نے کہا، دونوں حجاب میں کرلیاجائے گا اور ان دونوں کو جہنم کی آگ میں ڈال دیا جائے گا کیونکہ دونوں کی اللہ تعالیٰ کے سوا عبادت کی گئی، آگ ان دونوں کے لیے عذاب نہ ہوگی کیونکہ وہ دونوں جمادات میں سے ہیں اللہ تعایل ان دونوں کے ساتھ یہ معاملہ اس لیے کرے گا تاکہ کافروں کو زیادہ شرمندہ کرے اور انہیں حسرت دلائے، مسند ابی داؤد میں سے یزید رقاشی نے حضرت انس بن مالک سے روایت نقل کی کہ رسول اللہ نے ارشاد فرمایا، سورج اور چاند جہنم میں دوزخمی بیلوں کی طرح ہوں گے، ایک قول یہ کیا گیا ہے اس جمع سے مراد یہ ہے کہ وہ دونوں جمع ہوں گے اور جدا نہ ہوں گے وہ لوگوں کے قریب قریب ہوں گے تو گرمی کی شدت سے انہیں پسینہ آئے گا گویا معنی یہ ہے ان دونوں کی گرمی ان پر جمع کردی جائے گی ایک قول یہ کیا گیا ہے سورج اور چاند کو جمع کردیا جائے گا وہاں رات اور دن پے درپے نہیں آئیں گے۔